کرونا کے نام پر خفیہ معاشقہ چلانا مہنگا پڑگیا

0

ممبئی: بھارتی شہری کو کرونا کے نام پر بیوی کو دھوکہ دے کر اپنی دوست کے ساتھ معاشقہ چلانا مہنگا پڑگیا، خاتون کےعشق کے چکر میں اپنے اہلخانہ سے  مرنے کا جھوٹا ناٹک کیا تاکہ اسے کوئی تلاش نہ کرسکے، پولیس نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، اور سارا ڈرامہ بے نقاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی کے رہائشی منیش مشرا نے اس سال 24 جون کو اپنی بیوی کو فون کیا اور اسے بتایا کہ اس کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے، اس کی حالت بہت خراب ہے، وہ زندہ نہیں بچے گا، اس کے بعد مشرا نے اپنا فون بند کردیا، اور وہ گھر بھی نہ لوٹا، اس کی فیملی اس کے موبائل پر مسلسل رابطے کی کوشش کرتی رہی، لیکن وہ بند ملتا رہا۔

بعد ازاں اس کی بیوی نے پولیس کو مشرا کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرادی، بس پھر کیا تھا، یہیں سے مشرا کی قسمت خراب ہونا شروع ہوئی، پولیس نے اس کے بارے میں حقیقت معلوم کرنے کیلئے ٹیم بنائی، جس نے اس جگہ کا پتہ چلایا، جہاں سے اس نے آخری کال کی تھی، پولیس ٹیم وہاں پہنچی تو مشرا کی موٹرسائیکل وہاں کھڑی تھی، اس کے علاوہ اس کا بیگ بھی لٹکا ہوا تھا، پولیس کو پہلے خود کشی کا شبہ ہوا، اور اس نے آس پاس کے علاقے کی چھان بین کی، لیکن اس کی لاش نہ ملی، جس سے پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ مشرا زندہ ہے۔

اس کے بعد مختلف شاہراہوں پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج لی گئی، اور اس کی تصاویر مختلف تھانوں کو بھیج دی گئیں، بالاخر مشرا کی مدھیہ پردیش میں سی سی ٹی وی فوٹیج مل گئی، جہاں وہ کار میں ایک خاتون کے ساتھ سفر کررہا تھا، تحقیقات آگے بڑھیں اور مشرا اندور میں ایک خاتون کے ساتھ  رہتا ہوا پکڑا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مشرا نے اس خاتون کےعشق کے چکر میں اپنے اہلخانہ سے مرنے کا جھوٹا ناٹک کیا تھا، تاکہ اسے کوئی تلاش نہ کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.