کویت میں سوا لاکھ غیر ملکی ورکرز کیلئے دروازے بند

0

کویت سٹی: کرونا کویت میں برسر روزگار سوا لاکھ سے زائد تارکین وطن کے اقامے کھا گیا، کویتی حکومت نے اقاموں کی مدت میں توسیع کیلئے آن لائن رابطہ نہ کرنے والوں کے اقامے منسوخ کردئیے، بعض حلقے اقاموں کی منسوخی کو کویتی اداروں کے دانستہ اقدام سے بھی تعبیر کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کویتی حکومت  نے کرونا بحران کے باعث اپنے ملکوں میں پھنس جانے والے ایک لاکھ 27 ہزار سے زائد غیر ملکی کارکنوں کے اقامے   منسوخ کردئیے ہیں، کویتی  اخبار ’’الرائے‘‘ نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقاموں کی منسوخی میں جہاں ان غیر ملکی کارکنوں کی سستی کا دخل ہے کہ انہوں نے آن لائن توسیع کیلئے اپلائی نہیں کیا۔

دوسری جانب یہ کویت کے حکومتی اداروں اور کچھ کفیلوں کی جانب سے دانستہ اٹھایا گیا اقدام بھی قرار دیا جارہا ہے، جو ملک میں غیرملکی کارکنوں کی تعداد کم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں، یعنی انہوں نے جان بوجھ کر غیر ملکی کارکنوں کے اقامے منسوخ ہونے دئیے ہیں۔

کویتی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے باعث بیرون ملک پھنس جانے والے ان غیر ملکی کارکنوں کو اپنے اقاموں کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کی گئی تھی،  لیکن انہوں نے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھایا، حکام کے مطابق اس وقت 5 لاکھ سے زائد کویتی اقامہ ہولڈر کرونا بحران کی وجہ سے اپنے ملکوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

اقاموں میں توسیع

دوسری طرف کویتی وزارت داخلہ نے ملک میں موجود غیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ ویزوں میں یکم ستمبر سے 3 ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم اس توسیع کا اطلاق ان ویزوں پر نہیں ہوگا، جو یکم ستمبر سے ختم ہوئے ہیں، یہ رعائت اس سال کے آغاز سے لے کر 31 اگست تک ختم ہونے والے اقاموں اور ویزوں کیلئے ہوگی۔ یکم ستمبر سے جن غیرملکیوں کے اقامے یا ویزے ختم ہورہے ہیں، اور وہ ان کی تجدید کیلئے اپلائی نہیں کررہے، وہ غلطی کررہے ہیں، اور انہیں اوور اسٹے پر جرمانوں اور کویت سے بے دخلی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور ان کے مستقبل میں کویت میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی۔

واضح رہے کہ کویت کی 48 لاکھ کی آبادی میں 34 لاکھ غیر ملکی ہیں، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کویتی حکومت ملک میں غیر ملکیوں کی تعداد کم کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.