نیب نے مولانا فضل الرحمن سے اثاثوں کا حساب طلب کرلیا

0

اسلام آباد:جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی بالاخر نیب کے ریڈار پر آگئے،مولانا فضل الرحمن  کیخلاف نیب نے برسوں سےفوج کے شہدا کوٹے کی زمین  پرویز مشرف سے الاٹ کرانے کی انکوائری سرد خانے کی نذر کررکھی ہے،تاہم مولانا فضل الرحمن کو آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری میں  طلب کرلیا ہے۔

نیب پشاور نے مولانا فضل الرحمٰن کو آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری میں یکم اکتوبر کو حیات آباد آفس میں صبح 11 بجے پیش ہو نے کا نوٹس دیا ہے۔  نیب نے نوٹس میں جے یوآئی سربراہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف احتساب قانون کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے، نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے 14 ستمبر کو  آپ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی، اور نیب اس حوالے سے شواہد  رکھتا ہے۔

اس سے قبل  گزشتہ ماہ نیب نے مولانا فضل الرحمن کے چھوٹے بھائی اور سرکاری افسر ضیاالرحمٰن کو بھی طلب کیا تھا، ضیاالرحمٰن کیخلاف بھی غیر قانونی اثاثے رکھنے سمیت متعدد الزامات پر تحقیقات جاری ہیں، ضیاالرحمن پر الزام ہے کہ کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین میں تعیناتی کے دوران فنڈز میں بدعنوانی کی گئی، اس کے علاوہ ان پر غیر قانونی ترقیاں حاصل کرنے کا بھی الزام ہے۔

جے یوآئی کا ردعمل

مولانا فضل الرحمن کی نیب میں طلبی کو جے یوآئی کے رہنما حافظ حمد اللہ نے انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن کی اے پی سی کا ردعمل ہے، تاہم پارٹی نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ فضل الرحمن نیب میں پیش ہوں گے یا نہیں، حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی قائد کو گرفتار کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.