اٹلی میں حکومت کے سر سے خطرہ ٹل گیا

0

روم: (تنویر ارشاد) اٹلی میں حکومت کے سر سے سیاسی خطرہ ٹل گیا، تارکین وطن مخالف دائیں بازو کے رہنما ماتیو سالوینی کو اہم ریجن میں شکست ہوگئی ہے، دوسری طرف اطالوی عوام نے ریفرنڈم میں بڑی اکثریت سے پارلیمنٹ کی نشستیں کم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق اطالوی حکومت کے سر سے بڑا سیاسی خطرہ ٹل گیا ہے، اتوار اور پیر کو ہونے والے علاقائی الیکشن میں بائیں بازو کا گڑھ سمجھا جانے والا تسکونی ریجن بچانے میں حکومتی جماعت پی ڈی کامیاب ہوگئی، جبکہ تارکین وطن مخالف رہنما ماتیو سالوینی کے دائیں بازو کے اتحاد کو یہاں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اطالوی میڈیا کے مطابق تسکونی ریجن کو ان انتخابات میں سب سے زیادہ اہمیت حاصل تھی، اور سالوینی نے اس ریجن میں کامیابی کے لئے بہت کوششیں کی تھیں، وہ خود انتخابی مہم میں شامل رہے، اس ریجن میں شکست کی صورت میں اطالوی حکومت کے لئے اقتدار برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا تھا، سالوینی کی زیر قیادت دائیں بازو کا اتحاد پہلے ہی  یہ دعویٰ کررہا تھا کہ تسکونی ریجن ہارنے کی صورت میں  پی ڈی اور اس کے اتحادی حکومت کرنے کا اخلاقی حق کھودیں گے، تاہم تسکونی ریجن کے عوام نے گزشتہ 50 برسوں کی طرح ایک بار پھر بائیں بازو کی جماعت پر اعتما د کا اظہار کیا ہے۔

مجموعی طور پر تسکونی سمیت 7 ریجنز میں علاقائی انتخابات ہوئے ہیں، جن میں وینیتو، کمپانیا، مارکے، پولیا،ویلی ڈی اوستا اور لیگوریا شامل ہیں ، ان میں سے تین ریجن ماتیو سالوینی کی لیگ پارٹی اور ان کے اتحادیوں سابق وزیراعظم برلسکونی کی جماعت فورزا اطالیہ، اور فرتیلی دی اطالیہ نے جیت لئے ہیں،  ان میں سے وینیتو اور لیگوریا پہلے بھی دائیں بازو کی جماعتوں کے پاس تھے ، جبکہ مارکے ریجن میں دائیں بازو کو اضافی کامیابی ملی ہے، جس کے بعد اس اتحاد کے پاس 20 میں سے 15 ریجنز کی حکمرانی آگئی ہے۔

حکومتی اتحاد خوش

تسکونی ریجن میں  کامیابی کے بعد وزیراعظم جوزپے کونتے کی جماعت پی ڈی اور ان کی اتحادی فائیو اسٹار موومنٹ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے،  پی ڈی کے رہنما نکولا زنگراتی کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کے نتائج سے مطمئن ہیں ، اور اس نتیجہ نے مزید اصلاحات کی راہ ہمور کردی ہے، فائیو اسٹار موومنٹ سے تعلق رکھنے والے اطالوی وزیرخارجہ لیوجی دی مائیو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جو لوگ ان انتخابات کو مرکزی حکومت  کیخلاف ریفرنڈم قرار دینے کی کوشش کررہے تھے، انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وزیر اعظم جوزپے کونتے نے بھی سابق وزیر داخلہ ماتیو سالوینی کی جانب سے بنائے جانے والے سوکےرٹی قانون کی تبدیلی پر واضح اشارہ دیا ہے، جسے اٹلی میں موجود تارکین وطن کے خلاف سخت قانون سمجھا جاتا ہے۔

پارلیمنٹ کا سائز کم

دوسری طرف پارلیمنٹ کی نشستیں کم کرنے کے لئے  ہونے والے ریفرنڈم   میں عوام نے 70 فیصد کی واضح اکثریت کے ساتھ تجویز منظور کرلی ، جس کے بعد سینیٹ کی نشستیں 315 سے کم کرکے 200 جبکہ ایوان زیرین کی نشستیں 630 سے کم کرکے 400 کردی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.