اٹلی میں کرونا ایمرجنسی میں توسیع کا اعلان

0

روم: اٹلی میں کرونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،اور5 ماہ بعد پہلی بار کیسز کی یومیہ تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2548 نئے کیس سامنے آئے،جس پروبائی امراض کے ماہر نے تشویش  کا اظہار کیا ہے، دوسری طرف اطالوی حکومت نے کرونا ایمرجنسی میں جنوری تک توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق اپریل کے بعد پہلی بار اٹلی میں کرونا مریضوں کی یومیہ تعداد نے 2 ہزار    کو  پار کرلیا ہے، اور جمعرات کو وزارت صحت نے جو اعداد وشمار جاری کئے ،ان کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2548 نئے کیس سامنے آئے ،سب سے زیادہ کیسز  3 ریجنز سے سامنے آئے ہیں، ان میں شمال میں  وینیتو ریجن  میں 445، جنوب میں کمپانیا  سے 390 جبکہ   کرونا کی  پہلی لہر میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ریجن لمبارڈیا  میں324 کیس سامنے آئے ہیں۔

وبائی امراض کے ماہر رابرٹ برینیو نے خبردار کیا ہے کہ اٹلی میں صورتحال خرابی کی طرف بڑھ رہی ہے،اس لئے اطالوی عوام ایس  او پیز پر سختی سے عمل کریں،اٹلی میں گزشتہ چند ہفتوں سےکرونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا تھا، جس پر  کئی ریجنز  نے اضافی پابندیاں  بھی عائد کی ہیں، لیکن اس کےباوجود  وبا کے متاثرین میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ایمرجنسی میں توسیع

اطالوی وزیراعظم جوسپےکونتےنے اعلان کیا ہے  کہ کرونا ایمرجنسی میں  جنوری کے آخر تک  توسیع کردی جائے گی ،ا ور وہ  اس سلسلےمیں پارلیمنٹ سے   منظوری کے لئے کہیں گے، جہاں حکمران  اتحادکو  اکثریت حاصل ہے،واضح رہے کہ کرونا ایمرجنسی کی مدت رواں  ماہ ختم ہونے  والی ہے، تاہم  اطالوی وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کو تجویز کریں گے کہ اس میں جنوری کے  اختتام تک توسیع کردی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.