ن لیگ لاہور میں بھی بغاوت کے آثار

0

لاہور: کیا ن لیگ لاہور میں بھی بغاوت ہورہی ہے؟ اجلاس میں کتنے ارکان اسمبلی نہیں آئے؟ پارٹی ان کے خلاف کیا کرنے کا فیصلہ کررہی ہے؟کئی سوالا ت اٹھ گئے، جبکہ مریم نواز نے اپنی ممکنہ گرفتاری پر مزاحمت کے لئے لاہور کے  ارکان اسمبلی کو 6 ہزار پر مشتمل ورکرز فورس بنانے کی ہدایت  کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم کو خدشہ ہے کہ حکومت 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ جلسے سے قبل انہیں گرفتار کرسکتی ہے،  لاہور کے ارکان اسمبلی کو ہر صوبائی حلقے میں 200 کارکنوں کی ٹیم بنانے کی ہدایت کی  گئی ہے، اس حوالے سے  صوبائی دارالحکومت کے ارکان کا اجلاس بلایا گیا تھا، جس میں تمام ارکان کو سختی سے شرکت کی ہدایت کی گئی ۔

تاہم ذرائع کے مطابق کئی ارکان قومی اسمبلی اس کے باوجود نہیں آئے ، تاہم ان میں سے اکثر نے اپنے نمائندے  اجلاس میں بھیج دئیے تھے، اور پارٹی قیادت کو اپنی غیر حاضری کا بھی بتادیا، تاہم لاہور کے 4 لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نہ تو خود اجلاس میں آئے اور نہ ہی کوئی نمائندہ بھیجا، جس پر پارٹی قیادت میں تشویش پائی جاتی ہے کہ یہ ارکان بھی کہیں بغاوت کرنے والے  ارکان کے ساتھ تو نہیں مل گئے، انگریزی اخبار ٹریبیون کے مطابق پارٹی نے ان ارکان  سے اب غیر حاضری کی وجہ  پوچھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے ارکان اسمبلی کے ساتھ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کو بھی 200 کارکنوں کی فورس بنانے کی ہدایت ملی ہے، جبکہ خواتین ارکان 20 ورکرز کو رجسٹر ڈ کرائیں گی۔ کارکنوں کی اس فورس کا بنیادی مقصد احتجاج کے لئے فوری طور پر نکلنا ہوگا، اور مریم نواز کی گرفتاری کی حکومتی کوشش کی صورت میں یہ لاہور میں احتجاج کریں گے، ن لیگ کے لاہور سے ایم این اے وحید عالم نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی  نے ہر  صوبائی  حلقے میں 400 ورکرز کو رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ فورس نہیں ،بلکہ کارکن کہنا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.