ایاز صادق کو پرچی کس نے دی، کھیل میں کون کون شامل ہے، کارروائی کا حکومتی اعلان

0

اسلام آباد: سابق اسپیکر اور ن لیگ کے ایم این اے ایاز صادق کیخلاف حکومت نے کارروائی کا اعلان کردیا، سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی یا غداری کے قانون کے تحت مقدمہ کا اندراج متوقع ہے، اس سے پہلے فوجی ترجمان نے بھی کہا تھا پاک فوج میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بالا کوٹ حملے کے بعد پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے، جس کے بعد سے پاک فوج کو بھارت پر واضح نفسیاتی برتری بھی حاصل ہے۔ تاہم ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں کہا کہ بھارت کے خوف سے ہمارے لوگوں کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں، اس لئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کیا گیا۔ اس بیان کے بعد بھارتی حکومت، فوج اور میڈیا گزشتہ برس کے معرکہ پر شادیانے بجاتے اور پاکستان کا مذاق اڑاتے نظر آئے، بیان پر پاک فوج نے بھی اپنے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کے ذریعہ اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اور بتایا تھا کہ  پاک فوج کے جیتے ہوئے معرکہ کے بارے میں غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کرکے دشمن کی مدد کی گئی۔ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل باجوہ نے وزیراعظم سے اہم ملاقات بھی کی تھی۔ جس میں ممکنہ طور پر پی ڈی ایم کے بعض رہنماؤں بالخصوص ن لیگ کی طرف سے فوج میں انتشار پھیلانے کی کوششوں اور اس کے ملکی سلامتی پر اثرات پر بھی تبادلہ خیال ہواتھا ۔جس کے بعد حکومت نے اب ایاز صادق اور فوج پر حملے کرکے دشمن کی مدد کرنے والے ان کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ معافی کا وقت گزر گیا ہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا، ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے، ایاز صادق اوران کے حواریوں کو سزا ضرور ملنی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق ایاز صادق اور ساتھیوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور دشمن کو فائدہ پہنچانے کا مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ ایاز صادق نے جس میٹنگ کا حوالہ دے کر گمراہ کن بات کی، وہ ان کیمرہ بریفنگ تھی، اور اس میں فوجی قیادت بھی شریک تھی، اس طرح ایاز صادق نے دشمن کو فائدہ پہنچانے کے لئے نہ صر ف جھوٹ بولا بلکہ حلف کی بھی خلاف ورزی کی۔ ایاز صادق نے یہ بیان دیتے وقت پرچی پکڑی ہوئی تھی، یہ تحقیقات بھی کی جائے گی کہ انہوں نے کس کی ہدایت پر پاکستان کےخلاف یہ بیان دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.