پاکستان میں ائرپورٹس پر آنے جانے والوں کیلئے نئی پابندیاں

0

اسلام آباد: ملک میں کرونا کے کیسز بڑھنے کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی حکومت نے پیشگی احتیاطی اقدامات اٹھانے شروع کردئیے ہیں، این سی او سی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لئے ٹیسٹ کی شرط کے بعد ائرپورٹس پر رش ختم کرنے کے لئے بھی اہم فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں 3 ماہ میں سب سے زیادہ 1123 کرونا کیس سامنے آئے، جبکہ 12 افراد کی جانیں بھی یہ وائرس لے گیا، جس کے بعد حکومت نے مختلف شعبوں میں اضافی احتیاطی تدابیر اپنانی شروع کردی ہیں، اس حوالے سے نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام 42 ہوائی اڈوں کے حوالے سے  نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کے تحت ائرپورٹس پر مسافروں کو چھوڑنے اور استقبال کے لئے آنے پر پابندی لگادی گئی ہے، اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پک کرنے یا ڈراپ کے لئے صرف ڈرائیور کے ساتھ ہوائی اڈے کا رخ کریں، جو ڈراپ لائن پر ہی مسافر اور سامان کو چھوڑکر چلے جائے گا۔

مسافروں کو لینے والے ڈرائیورز کے لئے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں ہی متعلقہ مسافر کا انتظار کریں گے، اس کے علاوہ ایئرپورٹ کی حدود میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، اور بغیر ماسک کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سول ایوی ایشن حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دیگر لوگوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے غیر ضروری طور پر ہوائی اڈوں کا رخ نہ کریں، بصورت دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کئے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.