جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس جہاز کی پاک بحریہ میں شمولیت

0

اسلام آباد: رومانیہ میں تیار کردہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس جہاز پی این ایس تبوک کو پاک بحریہ میں شامل کرلیا گیا، جہاز تبوک کی کمیشننگ کی تقریب رومانیہ میں بحر اسود کی بندرگاہ کنسٹانٹا پر منعقد ہوئی، جہازوں کے لئے وزارت دفاعی پیداوار پاکستان اور رومانیہ کے ڈامین شپ یارڈ کے مابین ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق اس کلاس کا پہلا جہاز پی این اس یرموک رواں سال کے آغاز میں پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوا تھا جبکہ پی این ایس تبوک بھی اب پاک بحریہ کا حصہ بن رہا ہے۔ پی این ایس تبوک درمیانے حجم اور وزن لے جانے کی صلاحیت کا حامل ایک کثیرالمقاصد پلیٹ فارم ہے۔ یہ جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ الیکٹرانک وارفئیر،سطح آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں ،سینسرز اور جدید سیلف پروٹیکشن اینڈ ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔یہ جہاز پیچیدہ میری ٹائم ماحول میں مختلف میری ٹائم آپریشنز سر انجام دے سکتا ہے اور ملٹی رول ہیلی کاپٹر اور ڈرونز لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی این ایس تبوک کے کمانڈنگ افسر نے اس پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس امر پر روشنی ڈالی کہ ان جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کومزید فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جہاز پاک بحریہ کے ایریا آف آپریشنز میں پاک بحریہ کی موجودگی اور انڈین اوشن ریجن میں ریجنل میری ٹائم پیٹرولز کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے ڈامین شپ یارڈ کی پیشہ ورانہ قابلیت اور جہاز سازی کی صلاحیتوں کی تعریف کی اوراس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین پلیٹ فارمز کی فراہمی میں تعاون کرتے رہیں گے۔ اس پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کے چیف نیول اوور سئیر(رومانیہ)، جہاز کا عملہ اور ڈامین شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.