اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سود سے پاک ’’نیا پاکستان سرٹیفکیٹس‘‘ کا افتتاح

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ’’نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (NPCs)‘‘ کا افتتاح کردیا ہے، یہ سرٹیفکیٹس روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں صورتوں میں دستیاب ہیں، ان سرٹیفکیٹس کے ذریعہ سود سے بچنے کے خواہشمند اوورسیز پاکستانیوں کو اسلامی اصولوں  کے تحت منافع حاصل کرنے کا آپشن مل گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل کو کامیابی کے ساتھ حل کر کے ملک کو دوبارہ خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی بھیجی ہوئی ترسیلات ِزر نے بیرونی کھاتے کے خسارے کے سنگین مسئلے سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری اور بچت کے پُرکشش مواقع فراہم کرنے کے لیے جدت طرازی پر مبنی اقدامات پر کام کررہی ہے، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اسٹیٹ بینک کے متعارف کردہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا بیرون ملک پاکستانیوں نے بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کیا ہیں ؟

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس حکومت پاکستان کی جانب سے امریکی ڈالر اور پاکستانی روپے میں جاری کردہ ریاستی تمسکات ہیں اور انہیں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ہی خریدا جاسکتا ہے ۔ آر ڈی اے کے بارے میں معلومات اس لنک پر دستیاب ہیں (https://www.sbp.org.pk/RDA/index.htm)۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر مختلف میعادوں کے لیے پُرکشش منافع دیا جاتا ہے۔ یہ خصوصی سرٹیفکیٹس روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ شکل دونوں میں دستیاب ہیں۔ ملک کے اندر مقیم پاکستانی جنہوں نے بیرون ملک اپنے اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہوں، وہ بھی امریکی ڈالر میں جاری کردہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے بارے میں معلومات اس لنک پر دستیاب ہیں: (https://www.sbp.org.pk/NPC/index.html)۔

سرمایہ کاری کی حد

امریکی ڈالر میں جاری کردہ سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد 5 ہزار ڈالر ہے، پاکستانی روپے میں جاری کردہ سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی کم سے کم حد ایک لاکھ روپے ہے اور زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد نہیں۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر حاصل ہونے والے منافع پر دس فیصد وِدہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوتا ہے جو نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے منافع پر واجب الادا ٹیکس کی حتمی اور آخری سیٹلمنٹ ہے، مزید یہ کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے ہونے والی آمدنی پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازم نہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے اس موقع پر کہا کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا اقدام بیرون ملک پاکستانیوں کے اس مطالبے کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا  کہ انہیں پاکستان کے مالی شعبے تک مؤثر رسائی فراہم کی جائے۔ دو ماہ سے بھی کم وقت میں 36 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جن سے ترسیل شدہ 65 ملین امریکی ڈالر موصول ہوچکے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکاؤنٹس اور ترسیل شدہ رقم اور سرمایہ کاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.