یو اے ای نے نئی گولڈن ویزا اسکیم متعارف کروادی

0

دبئی: متحدہ عرب امارات نے میڈیکل ڈاکٹرز، انجینئرز سمیت 10 شعبہ جات کیلئے گولڈن ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اعلان کیا کہ مطلوبہ قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو 10 سال کے لیے گولڈن ویزا جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یو اے ای کی حکومت گزشتہ دو سالوں سے حکومت انویسٹرز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کیلئے اپنی ویزا پالیسی کو مسلسل نرم کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ملک کی طرف راغب کیا جاسکے، اس پالیسی کے تحت حکومت نے اب گولڈن ویزا اسکیم متعارف کروائی ہے، جس میں مخصوص قسم کے سرمایہ کاروں، طلباء اور پیشہ ور افراد کے لئے طویل عرصے سے رہائش کی پیش کش کی گئی ہے۔اس سے قبل غیر ملکیوں کے پاس عام طور پر قابل تجدید ویزا ہوتا ہے جو صرف دو سال یا پھر ملازمت سے منسلک ہوتا ہے، اور کسی بھی غیر ملکی کو وہاں ٹھہرنے کے لیے کسی اسپانسر (کفیل) کی ضرورت ہوتی تھی، تاہم اب گولڈن ویزا ہولڈر کو 10 سال کا رہائشی ویزا ملے گا، گولڈن ویزا ہولڈرز کو دیگر کئی سہولتیں بھی حاصل ہوں گی جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ وہ بغیرکسی دوسرے شخص یا کمپنی کی مدد کے یو اے ای میں اپنے خاندان کے ساتھ قیام کر سکیں گے، گولڈن ویزا کے علاوہ تمام لوگوں کے لیے اب بھی وہی اصول ہے۔گولڈن ویزا اسکیم کے تحت میڈیکل ڈاکٹرز، کمپیوٹر، الیکٹرانکس، پروگرامنگ، الیکٹریکل، بائیو ٹیکنالوجی انجینئرز گولڈن ویزا اسکیم کیلئے اہل ہوں گے۔

اس کے علاوہ کسی بھی شعبہ جات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے یو اے ای کی گولڈن ویزا اسکیم کیلئے اہل ہوں گے، جبکہ مصنوعی ذہانت میں خصوصی اسناد رکھنے والے، بڑے اعدادو شمار اور وبائیات کی ڈگریوں کے حامل افراد بھی گولڈن ویزے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہائی اسکول کے ایسے طلبا و طالبات جنہوں نے ملک میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہو،  یو اے ای کی مخصوص یونیورسٹییز کے طلبا و طالبات جن کی جی پی اے 3.8 یا اس سے زیادہ ہو وہ بھی گولڈن ویزا حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، ان طلبا و طلابات کے اہلخانہ بھی گولڈن ویزا حاصل کرسکیں گے۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام اس لیے شروع کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ترقی اور کامیابیوں کے عمل میں ٹیلنٹ ہمارے ساتھ موجود رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.