ارطغرل کے نام پر پاکستان میں اربوں روپے لوٹنے کی کوشش

0

راولپنڈی: بلیوورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم نے عالمی شہرت یافتہ ترکی ڈرامہ ارطغرل غازی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ڈرامہ کے مرکزی کردار آنجین التان کو ہاؤسنگ سوسائٹی کا برینڈ ایمبیسڈر مقرر کرکے شہریوں کو منصوبے کی جانب راغب کرکے لوٹنے کی کوشش کی،تاہم اینٹی کرپشن نے اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کی کرپشن کا سراغ لگالیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارطغرل کے نام پر پاکستانیوں سے اربوں روپے لوٹنے کی کوشش ناکام، اینٹی کرپشن راولپنڈی نے میگا کرپشن ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کی کرپشن کا سراغ لگا لیا، بلیو ورلڈ سٹی کے مالک سعد نذیر اور چوہدری ندیم اعجاز پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ اس میں ملوث سرکاری افسران راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جمشید آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر مئیو سمیت سات افراد پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر رجسٹرڈ اور غیر منظور شدہ ہے، اور ہاؤسنگ سوسائٹی نے 1172 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، بلیو ورلڈ سوسائٹی 1137 کنال وفاقی جبکہ 35 کنال 10 مرلہ صوبائی حکومت کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے سوسائٹی میں شامل کر چکی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بلیو ورلڈ سوسائٹی غیر قانونی طور پر پلاٹنگ کر کے سرکاری زمین بھی بیچ رہی ہے، سوسائٹی اپروول سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کرکے سادہ لوح عوام کو لوٹ رہی ہے، سوسائٹی کے مالکان نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ پٹواری اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کنول بتول نقوی نے اس میگا کرپشن کیس پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، ترجمان نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب بھر میں کرپٹ اور بد عنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.