چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود انحصاری ضروری ہے، آرمی چیف

0

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا، پاک فوج کے سربراہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے مختلف پیداواری یونٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جنرل باجوہ نے کہا کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری مستقبل میں میدان جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے اہم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی او ایف پہنچنے پر چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے مختلف پیداواری یونٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو مستقبل کے منصوبوں اورجدت لانے کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں سربراہ کو حاصل شدہ اہداف، مستقبل کے منصوبے، کم خرچ اور پائیدار پیداوار کے لیے جدت، اور مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا حصول سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے نئے تیار کیے گئے دفاعی ساز و سامان کے ڈسپلے لاؤنج کا دورہ کیا اور پیداوار کو بڑھانے میں پی او ایف کی انتظامیہ و عملے کی لگن کی تعریف کی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاعِ پاکستان میں پی او ایف مسلح افواج کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن، جدیدیت مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم ہے، دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے لیے مقامی طور پر تیاری مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.