بھارتی کسانوں کے احتجاج نے عالمی توجہ حاصل کرلی

0

اوٹاوا: بھارت میں کسانوں کی جانب سے مودی حکومت کیخلاف ایک ہفتے سے جاری احتجاج کو عالمی حمایت ملنا شروع ہوگئی ہے، سکھ تنظیموں کی طرف سے بالخصوص کینیڈا اور برطانیہ میں رہنماؤں کو اپیلیں کام کرگئیں، اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی کسانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کسانوں جن میں اکثریت سکھوں کی ہے، نے گزشتہ ایک ہفتے سے حکومتی کی زرعی پالیسی کے خلاف احتجاج شروع کررکھا ہے، جس سے دارالحکومت دہلی کے کئی حصے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ کینیڈا میں سکھوں کی بڑی تعداد آباد ہے، اور خود جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں بھی سکھ وزیر موجود ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت سے کسانوں کے احتجاج کی خبریں آرہی ہیں، یہ صورت حال بہت تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ  میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ کینیڈا پرامن احتجاج کرنے کے حق کے دفاع میں کھڑا ہے، ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔ کینڈین وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ ان کی حکومت نے بھارتی حکام کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، ان سے پہلے  کینیڈا کے وزیر دفاع ہرجیت سنگھ نے بھی کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ بھارت میں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال پریشان کن ہے، میرے حلقے کے کئی لوگوں کے خاندان وہاں ہیں، جو بھارت میں موجود اپنے رشتے داروں کے بارے میں پریشان ہیں، انہوں  نے مزید کہا کہ صحت مند جمہوریت پرامن مظاہروں کی اجازت دیتی ہے۔

بھارت ناراض

دوسری طرف بھارت نے کینڈین وزیراعظم کے بیان کو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ بھارت میں کسانوں سے متعلق کینیڈا کے رہنماؤں کے تبصرے کم علمی  کا نتیجہ ہیں، سفارتی بات چیت کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.