ن لیگ پنجاب میں بڑا شگاف، کتنے اراکین نے استعفے دینے سے انکار کردیا

0

لاہور(رپورٹ: عبداللہ گوندل): ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی میں بڑا شگاف، تین درجن کے قریب ارکان حکومت سے رابطے میں آگئے، اور استعفے نہ دینے کی یقین دہانی کروادی، جبکہ مزید ارکان کی شمولیت کے بعد باضابطہ فارورڈ بلاک بننے کا امکان ہے۔ دوسری جانب 10 ارکان کی وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی میں دراڑیں گہری ہوگئی ہیں اور مزید دو درجن ارکان اسمبلی نے حکومت سے رابطے کرلئے ہیں۔ پنجاب کے ایک وزیر ان ارکان اور وزیراعلی ہاؤس کے درمیان رابطہ کا کام کر رہے ہیں۔ بیشتر ارکان کی وزیراعلی بزدار سے پس پردہ ملاقاتیں بھی کروادی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ ارکان نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے ریاستی اداروں کے خلاف بیانئے سے ناراض ہیں، اور انہوں نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کی بھی مخالفت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سے رابطے میں آنے والے لیگی ارکان کی تعداد تین درجن سے بڑھ چکی ہے اور ان ارکان نے حکومت کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ وہ کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے۔ ان میں سے اشرف انصاری۔ عبد الجلیل شرقپوری ،فیصل نیازی،غیاث الدین اور نشاط ڈاہا کھل کر بغاوت کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:شیخ رشید کی دیرینہ خواہش پوری، وزارت داخلہ کیوں مل گئی، جانئے

ذرائع کے مطابق لیگی ارکان میں مریم کے طرز سیاست کے خلاف تحفظات بڑھتے جارہے ہیں۔ ارکان کی اکثریت مریم سے رابطے میں بھی نہیں۔ اور ان میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ مریم نے اپنے چند پسندیدہ رہنماؤں کو پارٹی پر مسلط کردیا ہے جن میں اکثریت نووارد ہیں اور حالیہ چند برسوں میں پارٹی میں آئے ہیں۔ جبکہ کئی دہائیوں سے پارٹی کا ساتھ دینے والے رہنما کنارے پر کردئیے گئے ہیں۔ ان سے کسی معاملے پر مشاورت نہیں کی جارہی۔

لیگی ارکان سے رابطوں کے حوالے سے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے دو درجن سے زائد لیگی ارکان حکومت سے رابطے میں ہیں اور ان میں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ لیگی ارکان اداروں سے محاذآرائی کے مخالف ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.