جرمنی میں پاکستانی امام مسجد قتل

0

برلن: شاہد نواز قادری جرمنی کی ریاست باڈن ورٹمبرگ کے دارالحکومت شٹٹ گارٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی مسجد المدینہ میں نائب امام کی خدمات انجام دیتے تھے،  ان پر نامعملوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا، ان کی اہلیہ بھی زخمی ہوئی ہیں،شاہد نواز قادری کا آبائی تعلق گجرات سے تھا، پاکستانی سفیر نے واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کی ریاست باڈن ورٹمبرگ کے دارالحکومت شٹٹ گارٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی مسجد المدینہ میں نائب امام کی خدمات انجام دینے والے 26 سالہ شاہد نواز قادری کو قتل کردیا گیا ہے، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔ شاہد نواز قادری گوئپنگن کاؤنٹی میں اپنے گھر سے اہلیہ کے ہمراہ واک کے لئے نکلے تھے کہ 2 نامعلوم افراد نے اس پر حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے آہنی راڈ کا استعمال کیا، اور ان کے ساتھ موجود ان کی اہلیہ کو بھی زخمی  کردیا، جس سے وہ بے ہوش ہوگئیں، واردات کے بعد دونوں حملہ آور قریب واقع  جنگل کی طرف فرار ہوگئے، واردات کے وقت مقتول شاہد نواز قادری اور ان کی اہلیہ کے علاوہ وہاں کوئی موجود نہیں تھا، اور پولیس کو بھی مقتول کی  بیوہ نے ہی ہوش آنے پر فون پر   اطلاع دی۔

جرمن حکام کا کہنا ہے کہ واردات دریائے فِلز کے قریب ایک نیم جنگلاتی علاقے میں سیر کے لیے جانے والوں کے لیے بنائے گئے پیدل راستے پر ہوئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور قاتلوں کی تلاش کے لئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کئے گئے، تاہم اس کے باوجود ان کا سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں، اور ان کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

دوسری طرف شاہد نواز قادری کے اہلخانہ نے ان کی میت واپس گجرات پاکستان لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ان کی آبائی قبرستان میں تدفین کی جائے گی، انہوں نے جرمنی میں پسماندگان میں بیوہ اور دو بچے چھوڑے ہیں۔ شٹٹ گارٹ میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیم پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے صدر شیخ منیر نے جرمن خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ شاہد نواز قادری اس مسجد میں رضاکارانہ فرائض انجام دیتے تھے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک ٹیکسی ڈرائیور تھے۔ دریں اثنا جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ سفارتی عملہ متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے، انہوں نے بتایا کہ فرینکفرٹ میں قونصل جنرل کو  مقتول کے گھر بھیجا گیا ہے، اور ہم نے لواحقین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.