تحریک کشمیر اٹلی کا یوم حق خودارادیت کے موقع پر آن لائن سیمینار کا انعقاد

0

بریشیا:( رپورٹ: تنویر ارشاد) تحریک کشمیر اٹلی کا یوم حق خودارادیت کے موقع پر آن لائن سیمینار کا انعقاد، اٹلی میں تعینات پاکستانی سفارتی مشن، حریت رہنمائوں، یورپ میں تحریک کشمیر کے صدور سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی شرکت کی، لاک ڈائون کے بعد تحریک کشمیر اٹلی کا بڑے احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم حق خودارادیت کے حوالے سے اٹلی میں آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے کی جبکہ سیمینار کے مہمان خصوصی اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر جوہر سلیم تھے۔ سیمینار میں قونصل جنرل میلان قونصلیٹ ڈاکٹر چوہدری منظور احمد، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سید پرویز احمد، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سمیت بڑی تعداد میں کمیونٹی اور کشمیری رہنماؤں نے شرکت کی۔

سیمینار میں پاکستان فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری بشیر امراء، جنرل سیکریٹری چوہدری آ صف رضا، تحریک کشمیر اٹلی کے جنرل سیکریٹری چوہدری جمشید چیمہ، نائب صدر چوہدری بابر وڑائچ، اسلامک سوسائٹی اٹلی کے صدر عامر گوندل ودیگر بھی موجود تھے۔

پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی نے یورپ بھر میں کشمیری بھائیوں کے لیے سب سے بڑے مظاہرے کیے ہیں، بریگزٹ کے بعد یورپ میں سب سے زیادہ پاکستانی کمیونٹی اٹلی میں موجود ہے اور یورپی یونین  میں بھی اٹلی کی نمائندگی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں جاری تحریک یورپی ایوانوں تک کشمیر کا درد پہچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، کشمیرکے لاکھوں شہیدوں کی جدوجہد اور خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا تھا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ تحریک کشمیر اٹلی اور اٹلی کی پاکستانی کمیونٹی نے جس طرح گذشتہ سالوں سے کشمیریوں کے لیے جدوجہد کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔

حریت رہنما ایڈوکیٹ سید پرویز احمد نے کہا کہ لاک ڈائون اور مظالم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، 70 سالوں سے شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے اور کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پہلی بار بھارت اور مودی کا فاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا ہے،بھارت نے کشمیر میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کی منصوبہ بندی کررکھی ہے تاہم کشمیری عوام کبھی بھی اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

قونصل جنرل میلان ڈاکٹر منظور احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی ہر محاذ پر حمایت جاری رکھی جائے گی، تحریک کشمیر اٹلی اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے بے لوث خدمت اور جذبہ جہاد کی طرح کام کررہی پے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں ہونے والے مظاہرے یورپ کی تاریخ کے بڑے مظاہرے تھے جس نے بھارت  کو خوفزدہ کردیا ہے۔

صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث مظاہروں کا جو سلسلہ رکا ہے جلد شروع کیا جائے گا، تحریک کشمیر اٹلی و یورپ یورپی ایوانوں کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے پر مجبور کردے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فروری میں دوبارہ اٹلی بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.