جرمنی میں پاکستانیوں کے فیملی ویزوں پر اہم پیشرفت

0

برلن: جرمنی میں پاکستان سمیت 4 ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو فیملی بلوانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بائیں بازو کی جرمن جماعت اور انسانی حقوق تنظیم نے مسئلہ حکومت کے ساتھ اٹھا دیا، تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت 4 ممالک میں جرمنی کے فیملی ری یونین ویزے کی درخواستوں  پر ویزوں کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر کی جارہی ہے، دیگر تین ممالک میں سربیا، مراکش اور البانیہ شامل ہیں، پاکستان سمیت ان ممالک میں مقیم اپنے بیوی بچوں اور والدین کو جرمنی بلا نے کے لئے ویزا درخواستیں ایک سال سے بھی زیادہ وقت لے رہی ہیں، پاکستان سمیت ان ملکوں میں جرمن سفارتی مشن ویزا اپوائنٹمنٹ دینے میں کئی کئی ماہ لگا رہے ہیں، جس سے انہیں پریشانی اور کوفت کا سامنا ہے۔ بائیں بازو کی جرمن جماعت de linke نے فیملی ری یونین ویزوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیا ہے، جماعت کے پارلیمانی ترجمان Gokay Akbulut کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر پاکستان سمیت ان ممالک میں فیملی ری یونین ویزوں کا اجرا تیز کرے تاکہ اپنی فیملی سے ملنے کیلئے جرمنی میں مقیم افراد کو طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیملی ری یونین ویزوں کے لئے اپوائنٹمنٹ کی در خواست کے بعد تین ہفتوں کی ڈیڈ لائن مقرر ہے تو اس پر عمل ہونا چاہئے۔ جرمن انسٹی ٹیوٹ آف ہیومین رائٹس نے بھی فیملی ری یو نین کے نظام میں اصلاحات اور ویزوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف جرمن وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کرونا سے پیدا صورتحال اور پابندیاں بھی زیادہ وقت لینے کی وجہ بنی ہیں،  اسلام آباد، قاہرہ، منیلا اور تہران میں کچھ عرصہ سفارتی مشن بند بھی رہے،  تاہم جرمن بائیں بازو کی جماعت کا کہنا ہے کہ کرونا سے قبل بھی ویزوں  کا اجرا تاخیر کا شکار تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.