اٹلی: سیاسی بحران سے معیشت کو جھٹکے

0

روم: سیاسی بحران کے باعث کرونا کے باعث پہلے سے بحران کا شکار اٹلی کی معیشت کو مزید جھٹکے لگے ہیں، اور اٹلی کے سرکاری بانڈز جن کے ذریعہ حکومت قرضہ لیتی ہے، ان پر منافع کی شرح بڑھ گئی ہے، جس سے اٹلی کو مہنگے قرضے حاصل ہوں گے۔

معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاملہ نئے الیکشن کی طرف گیا تو اطالوی معیشت کے لئے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم ماتیو رینزی نے کرونا بحران سے نمٹںے کے لئے یورپی یونین کی جانب سے ملنے والے 200 ارب یوروکے پیکج کو کنٹرول کرنے کے معاملے پر ان کا موقف نہ مانے جانے پر حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کے بعد وزیراعظم جوزپے کونتے پارلیمنٹ میں اکثریت کھو بیٹھے ہیں، ویوا پارٹی کی علیحدگی نے ملک کو سیاسی بحران میں دھکیل دیا ہے، اور اگر اطالوی وزیر اعظم جوزپے کونتے پارلیمنٹ اور سینٹ میں اکثریت پیش کرنے میں ناکام رہے تو جون میں نئے انتخابات بھی ہوسکتے ہیں۔

اطالوی وزیراعظم پیر کو قومی اسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ منگل کو سینیٹ میں ان کا خطاب ہوگا، جس کے بعد اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا، وزیراعظم جوزپے کونتے کو630 رکنی  قومی اسمبلی میں 25 اپوزیشن ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے، جبکہ 315 رکنی سینیٹ میں انہیں 18 ارکان کے فارورڈ بلاک کی ضرورت ہوگی، جس کے بعد وہ دوبارہ اکثریت حاصل کرلیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.