اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے والوں کیخلاف وزیرداخلہ نے ڈنڈا اٹھا لیا، انہوں نے کہا کہ امیگریشن یا کسی محکمے کا عملہ تنگ کرے تو اوورسیز پاکستانی مجھے براہ راست آگاہ کریں، انہوں نے مسافروں کو سہولیات فراہم نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد کو عہدے سے برطرف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا، شیخ رشید کے ہمراہ سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایمیگریشن، اور ڈی جی ایف آئی اے بھی موجود تھے، شیخ رشید احمد نے دورے کے دوران مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مسافروں کا بہترین طریقے سے خیال رکھنے کے لیے ایف آئی اے ایمیگریشن، اے ایس ایف اور محکمہ کسٹمز کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک سے آنے والوں کو دی جانے والی سہولیات میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، تمام اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ائیرپورٹ پر آپ کو بہترین سہولیات ملیں گی، اوورسیز پاکستانیوں کو کسی نے ائیر پورٹ پر تنگ کیا تو اس پر سخت ایکشن لوں گا، انہوں نے کہا کہ ایک سو بانوے ملکوں کے لئے آن لائن ویزہ جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بیرون ممالک میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ائیرپورٹس پر پروٹٰیکٹر(اسٹٰیکر) نہ ہونے پر تنگ کیا جاتا ہے، اور انہیں جانے کی اجازت دینے کیلئے رشوت طلب کی جاتی ہے، جو محنت کش پاکستانیوں کو دینی پرٹی ہے، ورنہ حکام انہیں واپس بھیج دیتے ہیں، تاہم اب انہوں نے کہا کہ کوئی آدمی اسٹیکر کا پوچھے تو وہ شخص مجھ سے ڈائریکٹ رابطہ کرے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم کا فیصلہ ہے کہ آن لائن ویزہ کے لئے کوئی رکاوٹ نہ ہو، ای پاسپورٹ دو مہینے تک لوگوں کو ملے گا، پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، جبکہ مزدوروں کیلئے پاسپورٹ کی مدت 10 سال کردی گئی ہے۔
سہولیات نہ ہونے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے برطرف
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایئرپورٹ دورے کے دوران امیگریشن عملے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ڈاکٹر معین مسعود کو عہدے سے ہٹادیا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن اسٹاف کی طرف سے مسافروں کو سہولیات فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور اس کا ذمہ دار ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کو قرار دیا۔ وزیرداخلہ نے فوری طور پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کرنے کے احکامات جاری کئے، جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے ڈاکٹر معین مسعود کی خدمات اسٹیبلشمنٹ کو واپس کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔