کرونا پابندیوں کیخلاف ہالینڈ میں احتجاج

0

ایمسٹرڈیم: ہالینڈ میں کرونا لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے، اور کرفیو کے باوجود مظاہرین نے دارالحکومت ایمسٹرڈیم سمیت مختلف شہروں میں شدید احتجاج کیا ہے، پولیس نے بڑی تعداد میں مظاہرین کو پکڑلیا ہے، ادھر منگل کو ملک میں کرونا سے مزید 86 جانیں چلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہالینڈ میں لاک ڈاؤن سخت کرنے اور رات کا کرفیو نافذ کرنے کے خلاف منگل کو بھی ملک کے مختلف حصوں میں مظاہرے اور ہنگامہ آرائی ہوئی ہے، جس کے دوران  لوٹ مار بھی کئی گئی، پولیس سے جھڑپوں کے بعد گاڑیوں اور دیگر املاک کو آگ لگادی گئی اور نقصان پہنچایا گیا ہے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان ایمسٹرڈیم، راٹر ڈیم، آمرز فورٹ سمیت 10 سے زائد شہروں میں جھڑپیں ہوئی ہیں، پولیس نے 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم اس کے باوجود لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج ختم نہیں ہوا۔ مظاہرین کرونا کا ٹیسٹ کرنے والا ایک سینٹر بھی جلاچکے ہیں۔

حکومت نے کرونا پر قابو پانے کے لئے اتوار سے رات کے کرفیو سمیت کچھ نئی پابندیاں عائد کی تھیں، جن کے تحت 10 فروری تک رات 9 بجے سے صبح ساڑھے چار بجے تک کرفیو لگایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ ہالینڈ میں کرونا کے باعث کرفیو لگانا پڑا تھا، تاہم شہریوں کی بڑی تعداد نے کرفیو اور نئی پابندیوں کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ وزیر اعظم مارک روٹے نے پرتشدد  مظاہروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.