برطانیہ میں کرونا کی صورتحال مزید خراب، وزیراعظم کی معافی

0

لندن: برطانیہ میں کرونا کی نئی خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد مریضوں اور اموات کی  شرح تیزی سے بڑھی ہے، اور منگل کو کرونا سے کل اموات ایک لاکھ سے تجاوز کرگئیں، جبکہ حکام نے ویکسین کے اثرات سامنے آنے تک صورتحال بگڑتے رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں منگل کو مزید 1631 افراد کرونا سے ہلاک ہوگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے، اور برطانیہ کرونا سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ، برازیل، بھارت اور میکسیکو کے بعد پانچویں نمبر پر ہے، نئے خطرناک وائرس نے برطانیہ  کی چولیں ہلادیں ہیں، اور سخت لاک ڈاؤن کے باوجود مزید 20 ہزار نئے کیس سامنے  آئے، اس صورتحال میں وزیراعظم بورس جانسن سخت دباؤ میں ہیں، اور انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

بورس جانسن نے صورتحال پر قوم سے معافی بھی مانگی ہے، جبکہ انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس وٹی نے انہیں بریفنگ میں بتایا ہے کہ اگلے چند ہفتوں کے دوران برطانیہ میں اموات میں مزید اضافہ کا خطرہ ہے، انہوں نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ ویکسین کے اثرات سامنے آنے تک صورتحال بگڑتے رہنے کا  خدشہ ہے، واضح رہے کہ برطانیہ میں 68 لاکھ لوگوں کو  ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.