اٹلی میں بھی شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، 11 ریجن متاثر ہوں گے

0

روم: جرمنی میں برفانی طوفان کے بعد اٹلی میں بھی موسم انگڑائی لینے لگا ہے، اور اگلے چند روز کے دوران شدید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی آگئی ہے، امدادی اداروں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، طوفان سے اٹلی کے 11 ریجن متاثر ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے بعد اٹلی میں بھی شدید برفباری، بارشوں اور طوفانی ہواوں کی پیشگوئی آگئی ہے، اور یہ سلسلہ جمعہ سے شروع ہو کر اتوار کے بعد تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران سائبیریا کی خون جمادینے والی ہوائیں اٹلی کو لپیٹ میں لئے رکھیں گی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران نہ صرف شدید برفباری ہوگی بلکہ موسلادھار بارشیں بھی ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے پیشگوئی کے بعد سول پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے ریجنل محکموں کو تیاری کی ہدایت کردی ہے، جو 11 ریجن اس خراب موسم سے زیادہ متاثر ہونے جارہے ہیں، ان میں لمباردیا، کمپانیا، کلابریا، لازیو، فرولی، وینزیا گیالیا، امبریا، مارشی، ابروزو، Molise, Basilicata اور پگالیا شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران نہایت تیز ہوائیں چلیں گی، اور ساحل سمندر پر اونچی لہریں بھی اٹھ سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے جرمنی میں آنے والے برفانی طوفان نے ملک کے شمالی اور مشرقی علاقے کو پوری طرح سے لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے باعث ٹرینیں منسوخ کرنی پڑگئیں، جبکہ سڑکوں پر بڑی تعداد میں حادثات بھی پیش آئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.