کرونا صورتحال میں بہتری: مزارات، سینما ہالز کھولنے، تجارتی مراکز کیلئے اوقات کار ختم

0

اسلام آباد: ملک میں کورونا صورتحال میں بہتری، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں مزارات، سنیما ہالز کھولنے اور ان ڈور شادیوں کی اجازت دے دی، تجارتی مراکز کیلئے بھی اوقات کار کی حد ختم کردی، جبکہ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی ختم کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ملک میں کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دفاتر کے 50 فیصد لوگوں کے گھر سے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15 مارچ سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ شادی کی ان ڈور تقریبات، مزارات اور سینما ہالز کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں اورتفریحی پارکوں کیلئے وقت کی حد بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15 مارچ سے ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت 10 مارچ کے جائزہ اجلاس سے مشروط ہوگی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماسک، سماجی فاصلے کی پابندی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ این سی او سی نے رائے دی ہے کہ الیکشن کمیشن لوکل باڈیزاورکینٹ بورڈالیکشنز مئی کے آخرتک کروائے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل پلے آف میں تماشائی اسٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شرکت کرسکیں گے، پلے آف میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کےساتھ شائقین اسٹیڈیم آسکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.