اٹلی میں حکومت نے نئے بونسز کی منظوری دے دی

0

روم: اٹلی میں کم ہوتی آبادی سے پریشان حکومت نے شہریوں کو بچوں کی پیدائش پر راغب کرنے کے لئے بونس کی مدت میں اضافہ کردیا ہے، اس بونس سے ملک میں مقیم تارکین وطن کے خاندان بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، بونسز کو 2021 کے بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں گرتی شرح پیدائش حکومت کے لئے بڑا درد سر بنی ہوئی ہے، کیوں کہ ملک کا معاشی مستقبل بھی اس سے جڑا ہوا ہے، 2019 میں اٹلی میں صرف 4 لاکھ 35 ہزار بچے پیدا ہوئے تھے، جو گزشتہ 150 برسوں میں سب سے کم تھے، یہ سلسلہ 2020 میں بھی جاری رہا، اور شرح پیدائش مزید ڈیڑھ فیصد گرگئی، ایسے میں اطالوی حکومت بچوں کی  پیدائش بڑھانے کے لئے مختلف ترغیبات دینے کی کوشش کررہی ہے، اس لئے کرونا کی وجہ سے درپیش معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت نے بچوں کی پیدائش پر دئیے گئے بونسز کی مدت میں توسیع کردی ہے، ان میں ’’بونس ماما دومانی” Bonus Mamma Domani اور’’بونس بے بی” Bonus Bebé شامل ہیں، دونوں بونسز کو 2021 کے بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، اور اس کے لئے اربوں یورو رکھے گئے ہیں۔

بونس ماما دومانی

یہ بونس ایک بار 800 یورو کی کیش ادائیگی پر مشتمل ہے، اور حاملہ خواتین بھی بچوں کی ولادت سے 2 ماہ قبل اس کے لئے اپلائی کرسکتی ہیں، آن لائن بھی بونس کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے، اس کے علاوہ آئی این پی ایس اور سوشل سیکورٹی ویلفیئر کے ذریعہ بھی اسے کلیم کیا جاسکتا ہے، یہ بونس اٹلی میں قانونی طور پر مقیم تمام جوڑوں کے لئے ہے۔

اس بونس کو اپلائی کرنے کے لئے صرف ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ درکار ہوتا ہے، جس میں وہ بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کرتا ہے، یہ بونس 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا، اور اس کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کے لئے حاصل کیا جاسکتا ہے، تمام جوڑے اس کے حقدار ہیں، اور اس کا آپ کی آمدن سے تعلق نہیں ہے۔

بونس بے بی

پہلے بونس کے مقابلے میں اس بونس کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر ہوتی ہے، اور یہ بچے کی عمر ایک برس تک پہنچنے تک  وصول کیا جاسکتا ہے، اگرچہ پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ اس بونس کو ختم کردیا جائے گا، لیکن حکومت نے اب اسے نئے بجٹ میں شامل کرکے اس کی مدت 31 دسمبر 2021 تک بڑھادی ہے، اس بونس کا انحصار آپ کی آمدن پر ہے، اور آمدن کے لحاظ سے اس میں کمی بیشی ہوگی، یہ 80 یورو ماہانہ سے لے کر 160 یورو ماہانہ تک ہوسکتا  ہے، یہ بونس بھی تارکین سمیت  قانونی طور پر اٹلی میں مقیم تمام ایسے جوڑے حاصل کرسکتے ہیں، جن کے پاس طویل المدت ریزیڈنس کارڈ ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.