مسلم این جی اوز نے فرانس کیخلاف یورپی یونین سے رجوع کرلیا

0

برسلز: یورپی ممالک کی 25 این جی اوز کے اتحاد نے فرانسیسی حکومت کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے حوالے سے اقدامات پر یورپی یونین سے رجوع کرلیا ہے، اور یورپی عدالت انصاف میں معاملہ لے جانے کا مطالبہ کیا ہے، ان تنظیموں میں یورپی ممالک کی مسلم تنظیمیں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 11 یورپی ممالک کی 25 این جی اوز نے یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وون ڈئیر لیان کو مشترکہ پٹیشن بھیجی ہے۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرانسیسی حکومت کی طرف سے اسلامو فوبیا کی حمایت کی تحقیقات کی جائیں، این جی اوز کا کہنا ہے کہ یورپی عدالت انصاف میں فرانسیسی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے، کیونکہ فرانس میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو ختم کردی گئی ہے اور انہیں آزادنہ مذہبی رسومات میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، جو عالمی اور یورپی چارٹرڈ کے منافی ہے، پٹیشن میں کہا گیا کہ فرانس نے کئی ایسے قوانین بنائے ہیں، جس سے مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو محدود کردیا گیا۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون بارہا اسلام کے خلاف تقاریر کرتے رہے ہیں۔

یورپی یونین سے رجوع کرنے والی تنظیموں میں ری پریزینٹیٹو کونسل آف فرانس، اسپین کی مسلم ایسوسی ایشن فار ہیومن رائٹس سوئٹزرلینڈ کی اسلامک سینٹرل کونسل، کونسل آف فرانس بلیک ایسوسی ایشن اور ہالینڈ کی مسلم رائٹس واچ شامل ہیں۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے چارٹر میں مختلف عقائد کے ماننے والوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی دی گئی ہے، لیکن فرانس میں مسلمانوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

مسلم این جی اوز کا کہنا ہے کہ وہاں قانونی ریلیف حاصل کرنے کے دروازے بھی بند کئے گئے ہیں، ایسے میں یورپی یونین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے، ورنہ آگے جاکر مسلمانوں کے علاوہ دیگر کمیونٹیز بھی اس کی لپیٹ میں آسکتی ہیں۔ این جی اوز کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے والی ’’صابر لیگل سروس‘‘ کی سمیرا صابر کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا دائیں بازو کے حلقوں میں سنجیدہ اور تیزی سے پھیلنے والا معاملہ ہے، اس کے ساتھ یہ یورپی مرکزی معاشرے پر بھی اثر انداز ہورہا ہے۔

فرانس اس کی ایک مثال ہے، جہاں ریاستی حکام نے بھی تقاریر میں مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر یورپی یونین کو فوری اور موثر مداخلت کرنی چاہئے، واضح رہے کہ ان این جی اوز نے 18 جنوری کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پاس بھی فرانس کیخلاف شکایت درج کرائی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.