یورپ کیلئے صورتحال پریشان کن ہوگئی، جرمن ماہر کا انتباہ

0

برلن: جرمنی کے وبائی امراض کے ماہر نے کرونا وبا کے حوالے سے خطرے کی نئی گھنٹی بجاتے ہوئے کہنا ہے کہ یورپ کو اب صورتحال پر پریشان ہونا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وبا کی تیسری لہر ہمارے اوپر حملہ کرچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی ابھی کرونا کی دوسری لہر سے نکلا نہیں تھا، اور کیسز کم ہونے پر ابھی لاک ڈاؤن میں کچھ ہی نرمی کی گئی تھی، کہ وہاں ایک بار پھر کیس تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، ایسے میں جرمن ماہر رابرٹ ویلر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر شروع ہوگئی ہے، واضح رہے کہ جمعرات کو جرمنی میں 14 ہزار 356 نئے کیس سامنے آئے، جو بدھ کو 9 ہزار 146 تھے، اس طرح صرف ایک دن میں تقریباً 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا  ہے، اسی طرح اموات بھی 300 سے بڑھ کر 321 ہوگئیں، رابرٹ ویلر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں، اب یورپ کو وبا سے پریشان ہونا چاہئے۔

جرمنی نے فروری کے آخر میں کیس کم ہونے پر لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی شروع کی تھی، ہئیر ڈریسر سمیت کچھ شعبے کھولے تھے، لیکن نئی صورتحال میں ماہرین کے نزدیک نہ صرف مزید نرمی ممکن نظر نہیں آرہی، بلکہ جو نرمی کی گئی تھی، اسے بھی واپس لینا پڑسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.