اٹلی میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ، نئی پابندیاں لگ گئی

0

روم: اٹلی میں کرونا کے وار پھر تیز ہوگئے ہیں، جس کے بعد پیر سے ملک کے بیشتر حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے ساتھ گزشتہ برس اسی ماہ لگنے والے لاک ڈاؤن کی یادیں تازہ ہوگئیں ہیں، جمعہ کو اٹلی میں کرونا کے 26 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کوکرونا کی تیسری لہر نے لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے پورے ملک کو ریڈ زون قرار دینے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ پیر سے ملک کے بیشتر ریجنز میں تمام اسکول، ریستوران، دکانیں اور میوزیم سمیت بیشتر چیزیں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، اور ماسوائے کام یا ایمرجنسی کے کسی کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، حکومت نے ایسٹر پر 3 سے 5 اپریل کے درمیان بھی پورے ملک کو ریڈزون قرار دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزارت صحت کے مطابق پیر سے جس ریجن میں ایک لاکھ افراد میں 250 کیس سامنے آئیں گے، وہ آٹو میٹک ریڈ زون میں چلا جائے گا۔

اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے بھی خبردار کیا ہے کہ اٹلی کو کرونا کی نئی لہر کا سامنا ہے، اور حکومت حالات سے  نمٹنے کیلئے سخت پابندیاں لگانے کی تیاری کررہی ہے، روم میں ویکسین لگانے کے مرکز کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران انفیکشن میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہمیں مزید اموات روکنے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات لینے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ لاک ڈاؤن سے بچوں کی تعلیم اور معیشت کا نقصان ہوگا، لیکن صورتحال سنگین ہونے سے روکنے کیلئے ہمیں کچھ کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.