برطانیہ کو تارکین کی یاد آنے لگی ہے؟

0

لندن: تیری یاد آئی، تیرے جانے کے بعد، کیا برطانیہ کو تارکین وطن کے حوالے سے کچھ ایسا ہی معاملہ درپیش آنے والاہے، کیوں کہ برطانوی سرکاری ادارے کی رپورٹ میں ملک میں افرادی قوت اور آبادی دونوں میں کمی کے حوالے سے خبردار کردیا گیا ہے، جس کو پورا کرنے کیلئے برطانیہ کو تارکین کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی موجودہ حکومت نے امیگریشن کے حوالے سے سخت پالیسی اپنائی ہوئی ہے، اور وزیرداخلہ پریتی پٹیل اس حوالے سے نئی قانون سازی بھی کررہی  ہیں، لیکن اس دوران برطانوی Office for Budget Responsibility (OBR) نے خبردار کیا ہے کہ کرونا بحران کی وجہ سے بڑی تعداد میں غیر ملکی اپنے آبائی ممالک میں واپس جاچکے ہیں، بریگزٹ کی وجہ سے یورپی شہریوں نے بھی واپسی کا رخت سفر باندھا ہے، دوسری طرف تارکین کی آمد بھی بہت کم ہوگئی ہے، اس لئے برطانیہ کی آبادی 2 فیصد کم ہونے کا خدشہ ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس 13 لاکھ غیرملکی برطانیہ سے واپس چلے گئے ہیں، اور اگر کرونا بحران   ختم ہونے پر یہ واپس نہیں آتے، یا ان کے متبادل لوگ نہیں آتے، تو  اس سے لیبر مارکیٹ متاثر ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ یورپی شہری واپس آسکتے ہیں، لیکن ان کی راہ میں بریگزٹ کی وجہ سے مشکلات حائل ہوں گی، جو برطانیہ واپسی میں ان کی حوصلہ شکنی کا سبب بنیں گی، اسی طرح نئی قانونی امیگریشن کے لئے برطانیہ نے اب پوائنٹس سسٹم متعارف کرادیا ہے، ان سارے عوامل کی وجہ سے معیشت کو لیبر کی کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، دوسری طرف ٹیکس وصولی بھی کم ہوگی ، اور منڈیوں میں طلب پر بھی اثرات پڑیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.