روم: اٹلی میں کرونا سے کاروبار بند ہیں، جبکہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، یا ان کی آمدنی میں کمی واقع ہوچکی ہے، اور وہ جلد اپنے قرضوں کی قسطیں دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے، ایسے میں اٹلی کے بینک بھی بڑے مسئلے میں الجھتے نظر آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بینک ایسوسی ایشن نے تشویشناک رپورٹ جاری کردی ہے، اٹلی کی بینک ایسوسی ایشن FABI نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا ایمرجنسی کے باعث جون تک 27 لاکھ اطالوی کاروباری ادارے اور گھرانے نادہندہ ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جون تک 300 ارب یورو کے قرضے لینے والے نادہندہ کی تعریف میں آسکتے ہیں، کیوں کہ ان قرضوں کی واپسی پر لگائی گئی پابندی اس دوران ختم ہوجائے گی، ایسوسی ایشن اب تک 13 لاکھ کمپنیوں کے 198 ارب قرضے منجمد کرنے کی اجازت دے چکی ہے، اسی طرح 14 لاکھ شہریوں کے 95 ارب یورو بھی منجمد کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ یورپی ممالک پر کرونا کے معیشت پر وار جاری ہیں، اور اس کے اثرات اٹلی پر بھی پڑے ہیں، اور وہاں بھی بڑے پیمانے پر افراد بے روزگار ہوگئے ہیں، جبکہ اپنا روزگار یا کاروبار کرنے والوں کی بھی بڑی تعداد بے روزگار ہوئی ہے۔