اٹلی میں تارکین کے دو گروپوں میں لڑائی سے علاقہ میدان جنگ بن گیا

0

روم: اٹلی میں تارکین وطن کےدو گروپ لڑپڑے، شہر کا مصروف علاقہ میدان جنگ بنا رہا، ایک دوسرے پر کرسیوں، میز، لاٹھیوں اور آہنی سلاخوں سے حملے کئے گئے، پولیس کو اطلاع ملی تو وہ فوری پہنچی، جس پر دونوں گروپوں کے لوگوں نے وہاں سے دوڑ لگادی، اور بھگدڑ والا منظر دیکھنے کو ملا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ریجن تسکونی کے شہر Livorno میں ایک ہی ملک سے تعلق رکھنے والے تارکین کے دو گروپ شہر کے مصروف علاقے میں آپس میں لڑ پڑے، دونوں گروپوں کے 40 سے 50 افراد کے درمیان یہ لڑائی جمعرات کی شب ہوئی، جس میں ان کے ہاتھ جو کچھ آیا ، وہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف استعمال کیا، یہ تصادم via Buontalenti کے علاقے میں پب اور ریستوران کے سامنے رات 10 کے قریب شروع ہوا، لڑائی کے دوران پورا علاقہ میدان جنگ بنا رہا، اور دونوں گروپوں نے وہاں موجود کرسیاں، میز اور دیگر سامان بھی اٹھا کر ایک دوسرے پر پھینکا، وہاں کھڑی گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں، اس صورت حال میں وہاں موجود لوگ خوفزدہ ہوگئے، اور انہوں نے پب میں اور دیگر جگہوں پر خود کو بند کرکے محفوظ بنایا، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اس دوران ایک فائر بھی سنا گیا۔

علاقے میں واقع ایک پب کے مالک سمیت عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایسا لگتا تھا وہ کوئی ڈراؤنی فلم دیکھ رہے ہیں، ان کا سامان بھی لڑائی میں تباہ کردیا گیا، اس وقت وہاں کئی اطالوی لڑکیاں بھی پب میں موجود تھیں، جنہوں نے خود کو کمرے میں بند کرلیا، تاکہ محفوظ رہیں، واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارابیری اور دوسری پولیس پہنچی تو تیونس سے تعلق رکھنے والے تارکین کے دونوں گروپوں کے ارکان نے فرار ہونے کے لئے دوڑ لگادی، اور بھگدڑ کا سین بن گیا، پولیس نے دو زخمی تارکین کو وہاں سے اٹھا کر اسپتال پہنچایا، جبکہ شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، پولیس کو وہاں سے ایک کارتوس بھی ملا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.