انٹر نیٹ کی خفیہ دنیا کیخلاف اٹلی و یورپ اور امریکہ میں بڑا آپریشن ، حکام برآمدگیاں دیکھ کر حیران

0

برسلز: اٹلی سمیت یورپی ملکوں اور امریکہ نے خفیہ ویب سائٹس ’’ڈارک ویب‘‘ پر غیرقانونی اشیا کی تجارت کے خلاف ایک ساتھ بڑا آپریشن کیا ہے، جس میں 150 سے زائد افراد گرفتار اور کئی ملین یورو کی رقم برامد کرلی گئی ہے، اس آپریشن کو ’’ڈارک ہنٹر‘‘ کا نام دیا گیا تھا، جس میں جرمنی نے اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق ویب سائٹس کی خفیہ دنیا ’’ڈارک ویب‘‘ پر غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف یورپی ممالک اور امریکہ نے ایک ساتھ مربوط آپریشن کیا ہے، جس میں مختلف ملکوں سے مجموعی طور پر 150 گرفتاریاں کی گئی ہیں، جو انٹرنیٹ کی خفیہ ویب سائٹس پر ہتھیاروں اور منشیات سمیت غیر قانونی اشیاءکی فروخت میں ملوث تھے۔یورپی پولیس کے ادارے یوروپول کے مطابق ’’ڈارک ہنٹر‘‘ کے نام سے کیا گیا یہ آپریشن ڈارک ویب کے خلاف آج تک کا سب سے بڑا آپریشن تھا۔جس میں مختلف ملکوں سے نقدی اور کرپٹو کرنسیوں کی صورت میں تقریباًﹰ 27 ملین یورو کی رقوم ،45 گنیں اور234 کلوگرام منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ یہ آپریشن اٹلی، ہالینڈ، فرانس، جرمنی، بلغاریہ، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، آسٹریلیا اور امریکہ میں کیا گیا۔ سب سے زیادہ 65 گرفتاریاں امریکہ میں ہوئی ہیں، جبکہ جرمنی سے 47 اور برطانیہ سے 24 ملزم دھر لئے گئے، گرفتار شدگان میں بعض انتہائی مطلوب افراد بھی شامل ہیں، اس آپریشن میں اطالوی پولیس نے “DeepSea” اور “Berlusconi” کے نام سے چلنے والے خفیہ نیٹ ورک بھی بند کئے ہیں، جن پر غیرقانونی اشیا فروخت کی جارہی تھیں۔

ڈارک نیٹ کیا ہے؟

ڈارک نیٹ عام طور پر انٹرنیٹ کی ایسی خفیہ ویب سائٹس کو اجتماعی طور پر کہا جاتا ہے، جن تک رسائی عام ویب سائٹس کی طرح نہیں بلکہ خصوصی سافٹ ویئر اور کئی مختلف پاس ورڈز کے ساتھ ہی ممکن ہوتی ہے۔ ڈارک نیٹ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ وہاں جانے والے صارفین کی شناخت بھی خفیہ رہتی ہے اور ان کا پتہ چلانا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ اسی لیے ڈارک نیٹ کو مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.