روک سکو تو روک لو، تارکین لانے والے ٹرک ڈرائیور کو روکنے میں یورپی ملک کی پولیس ناکام

0

برسلز: غیر قانونی تارکین وطن کو چھپا کر لانے والے ٹرک کے ڈرائیور نے دو یورپی ملکوں کا بارڈر پا ر کرانے کے لئے فلمی انداز کی حرکت کردی، روکنے کا اشارہ کرنے والے پولیس افسر کو بھی مجبوری میں راستہ دینا پڑگیا، تاہم کہانی کا انجام اس کے لئے اچھا نہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے بارڈر کے ساتھ ہنگری پولیس کا دستہ گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھا، اس دوران انہوں نے ایک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا، تو ٹرک ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار مزید تیز کردی، جس کی وجہ سے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کرنے والے ہنگری پولیس افسر کو بھی اپنے بچاؤ کے لئے سڑک سے ہٹنا پڑا، جس پر اس کے ساتھی پولیس افسر نے ٹرک کو روکنے کے لئے فائرنگ کردی، تاہم گاڑی پر فائرنگ کے باوجود ڈرائیور نے اس دوران پوری رفتار سے بارڈر پار کرلیا، اور آسٹریا داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تاہم آسڑیا کی حدود میں داخلے کے بعد ٹرک بند ہوگیا، اس موقع پر وہاں آسٹریا کے پولیس اہلکار بھی پہنچ گئے، جنہوں نے پہلے ڈرائیور کو گرفتار کیا، جو مصری شہری بتایا جاتا ہے، ٹرک کی تلاشی لی گئی تو اس کے اندر 30 سے زائد تارکین برآمد ہوئے، جنہیں چھپا کر آسٹریا اور اس سے آگے دیگر ممالک کے لئے لے جایا جارہا تھا، ہنگری کے حکام کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران وہ سربیا اور رومانیہ کے ساتھ اپنی سرحد پر ہرہفتہ تقریباً ڈھائی ہزار تارکین کو روک کر واپس کررہے ہیں ، واضح رہے کہ ہنگری بلقان روٹ پر پہلا یورپی یونین رکن ملک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.