اٹلی کے علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، خوفزدہ شہریوں کے گھروں سے باہر ڈیرے

0

بلونیا: (رپورٹ تنویر ارشاد) اٹلی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں، جس سے یہ علاقے لرز اٹھے ، خوفزدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے، جھٹکے رکنے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں میں جانے سے انکار کردیا، متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی سروس کو الرٹ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، مودنہ ، بلونیا، ایمیلیا ، ریگیانو اور فرارا کے علاقوں میں یہ جھٹکے محسوس کئے گئے ہیںِ زلزلے کے پہلے جھٹکے شام 7 بج کر 55 منٹ پر محسوس کئے گئے اور اطالوی حکام کے مطابق ریکٹر اسکیل پر ان کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی ہے، یہ جھٹکے ایمیلیا اور ریگیا نو کے علاقے میں محسوس کئے گئے ، لیکن اس کے 2 گھنٹے بعد رات 9 بجے جو جھٹکے آئے، ان کی شدت بھی زیادہ تھی، جو 4.3 ریکارڈ کی گئی ، جبکہ اس کے اثرات مودنہ ، بلونیا اور فرارا تک محسوس کئے گئے، زلزلے کے دوسرے جھٹکوں سے شہریوں میں زیادہ خوف پھیل گیا، اور ان کے ذہنوں میں مئی 2012 کے مناظر آنے لگے ، جب مودنہ اور فرارا میں زلزلے سے بڑی تباہی آئی تھی، اور جانی نقصان بھی ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں سینکڑوں افراد کو گھر خالی کرنے کا حکم، ایسا کیا ہوا؟

زلزلے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر سڑکوں اور کھلی جگہ پر نکل آئی، دوسری طرف شہریوں نے معلومات لینے کے لئے ایمرجنسی سروس فون کرنے شروع کردئیے۔

جس سے یہ لائنیں بھی جام ہونے لگیں، مودنہ میں اس دوران ایک کنسرٹ بھی ہونے جارہا تھا، لیکن زلزلے کے جھٹکوں کے ساتھ ہی تھیٹر سے شائقین باہر نکل گئے، اور کنسرٹ بھی منسوخ کردیا گیا، زلزلےکے ان دو بڑےجھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس بھی شروع ہوگئے، جن کی شدت نہ ہونے کے برابر تھی، تاہم شہریوں میں ان سے خوف وہراس پیدا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان زلزلہ سے لرز اٹھا، مختلف شہروں میں شدید جھٹکے

ان کی بڑی تعداد نے گھروں میں واپس جانے سے انکار کردیا، کیوں کہ شہریوں کو خدشہ تھا کہ زلزلہ کے مزید جھٹکوں سے ان کے مکانات گرنے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، ان شہریوں کی بڑی تعداد نے رات بھر سڑکوں اور کھلی جگہوں پر گزاری ہے، اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایمرجنسی ٹیمیں مختلف علاقوں کو چیک کررہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.