صحافی بن کر کئی ممالک میں سیر سپاٹے کرنے والا پاکستانی کسی اور کی غلطی سے پکڑا گیا

0

کراچی: جعلسازی سے خود کو صحافی ظاہر کرکے بڑے ملک کا ویزا لینے والا اس ملک میں سیر سپاٹے بھی کرتا رہا، اور ملٹی پل ویزا بھی لے لیا، لیکن وہ کہتے ہیں ناں کہ چوری اور ہیرا پھیری اک دن پکڑی ہی جاتی ہے، سو یہ جعلی صحافی بھی پکڑا گیا، اور وہ بھی کسی اور کی غلطی سے۔

جی ہاں اعجاز احمد چیمہ ولد غلام رسول چیمہ نامی شخص نے ڈھائی برس قبل ستمبر 2019 امریکہ جانے کیلئے خود کو نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی ظاہر کیا، اور کراچی کے امریکی قونصلیٹ میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتایا کہ وہ دو برس سے نجی چینل کیلئے صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں اقوام متحدہ اجلاس کی کوریج کے لئے جانا ہے، لہذا سے ویزا دیا جائے، قونصلیٹ سے مذکورہ چینل سےاس وقت تصدیق نہیں کرائی تھی، اور اس طرح یہ جعلی صحافی کچھ دن کا ویزا حاصل کرکے نیویارک پہنچ گیا، جہاں بڑی ہوشیاری سےاس نے خود کو صحافی ظاہر کرکے ہی اپنے اس عارضی ویزے کو 5 برس کے ویزا میں تبدیل کرالیا۔

امریکی قونصلیٹ نے ایف آئی اے کو بتایا ہے کہ جس دن اعجاز چیمہ کو ویزا جاری کیا گیا تھا، اسی دن صائمہ فیصل نامی خاتون نے بھی نجی چینل کی جعلی دستاویزات پر ہی ویزا کی درخواست دی، لیکن اس درخواست کو امریکی قونصلیٹ نے مسترد کردیا۔ صائمہ کی ویزا درخواست آنے پر امریکی قونصلیٹ نے صائمہ فیصل اور اعجاز چیمہ دونوں کی دستاویزات کی تصدیق کے لئے نجی چینل انتظامیہ سے رابطہ کیا، جس پر انتظامیہ نے جواب دیا کہ ان دونوں کو چینل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس دوران اعجاز چیمہ بھی 5 برس کا ویزا لگوانے کے بعد واپس کراچی آگیا تھا، جس پر امریکی قونصلیٹ کراچی نے اعجاز چیمہ کو طلب کیا اور اس کا 5 سال کا ویزا منسوخ کردیا ، جبکہ اس کے خلاف ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کو بھی تحریری درخواست بھجوا دی۔ بعد ازاں قونصلیٹ سے باہر نکلنے پر ایف آئی اے ٹیم نے اعجاز چیمہ کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کو ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اس سے قبل جاپان سمیت دیگر ممالک بھی اسی طریقہ کار سے گھوم چکا ہے اور کراچی میں ٹیکس کنسلٹنسی کا کام کرتا ہے۔ اس نے ایک بار کسی جگہ پر صحافیوں کے درمیان ویزا حاصل کرنے کی گفتگو سن لی تھی اور طریقہ کار سمجھ لیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے جعلی کاغذات تیار کئے ، اور صحافی بن کر مختلف ملکوں کے ویزے آسانی سے حاصل کرتا رہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.