اٹلی میں تاجروں کا احتجاج پھیل گیا، دکانیں بھی خود کھولنے لگے

0

روم: اٹلی میں کرونا پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار کی بندش سے پریشان اطالوی تاجروں کے احتجاج کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے، اور روم میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہونے والے احتجاج کے بعد مزید شہروں میں بھی تاجروں نے کاروبار کھلوانے کے لئے مظاہرے کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا پابندیوں کے باعث لاک ڈاون سے پریشان اطالوی تاجروں نے اب احتجاج شروع کردیا ہے، منگل کو روم میں پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا گیا تھا، جس کےدوران پولیس سے ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں، اس کے بعد بدھ کو تورینو میں تاجر احتجاج کیلئے باہر نکل آئے، انہوں نے صوبائی دارالحکومت پیو مونتے میں مظاہرہ کیا، مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ انہیں دکانیں اور ریستوران کھولنے اور کاروبار کی اجازت دی جائے، احتجاج کے دوران متعدد دکانداروں نے اپنی دکانیں بھی کھول لیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم اب مزید انتظار نہیں کرسکتے، ہمارے کاروبار تباہ ہوگئے ہیں، اور روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں، مظاہرین نے شہر کے کامرس کونسلر البرٹو سیکو سے ملاقات کی، جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔

تسکونی میں تاجروں نے مظاہرہ کیا اور Pistoia شہر میں مصنوعی مارکیٹ لگا کر حکام تک اپنی آواز پہنچانے کی کوشش کی، کازیرتا میں تاجروں نے احتجاج کے دوران موٹر وے بند کردی ، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے احتجاج کے دوران ماسک بھی اتار دئیے، ان کا مطالبہ تھا کہ کاروبار پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.