برطانیہ نے بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا، وزیراعظم کا دورہ منسوخ

0

لندن: برطانیہ نے بالاخر بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے ، یہ فیصلہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے ، جب بھارت میں یومیہ کیسز پونے تین لاکھ تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ بھارتی وائرس کے کیس برطانیہ میں بھی سامنے آنے لگے ہیں، دوسری طرف برطانوی وزیراعظم نے بھی بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو 9 اپریل سے ریڈ لسٹ میں ڈال دیا تھا، حالاں کہ پاکستان میں یومیہ کرونا کیس 5 ہزار تک آرہے ہیں، دوسری طرف بھارت کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا، جہاں اس وقت یومیہ کیس ڈیڑھ لاکھ تک تھے، اس معاملے پر ناز شاہ سمیت کئی برطانوی ارکان پارلیمان نے حکومت کو خط لکھ کر احتجاج بھی کیا تھا، تاہم اب بھارت میں کرونا صورتحال بے قابو ہونے اور وہاں پائے جانے والے وائرس کی اقسام برطانیہ میں بھی سامنے آنے پر لندن حکومت نے جمعہ 23 اپریل سے بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، برطانوی وزیر صحت میٹ ہنکوک کا کہنا ہے کہ حکومت نے بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا مشکل فیصلہ اس لئے کیا ہے  کیوں کہ اب تک بھارت میں پائے جانے والے وائرس کے 103 کیس سامنے آچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ احتیاط کے لئے یہ اقدام ضروری ہوگیا تھا۔ ریڈ لسٹ میں بھارت کی شمولیت کے بعد بھارتی شہری برطانیہ کا سفر نہیں کرسکیں گے، تاہم بھارت میں موجود برطانوی شہریوں اور فیملی ویزا ہولڈرز کو واپسی کی اجازت ہوگی، لیکن انہیں واپسی پر ہوٹلوں میں 10 روز کا قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا، جس پر دو ہزار پاونڈ تک اخراجات آتے ہیں۔

دوسری طرف برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی کرونا صورتحال کی وجہ سے بھارت کا 26 اپریل کو شیڈول دورہ ملتوی کردیا ہے، برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نریندر مودی اور انہوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل جنوری میں بھی برطانوی وزیر اعظم نے اپنا دورہ بھارت ملتوی کردیا تھا۔ سال رواں کے دوران اس دوسرے طے شدہ دورے کی منسوخی کا اعلان نئی دہلی اور لندن کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں پیر کے روز کیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کرونا کی صورتحال سنگین ہوگئی ہے، اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ریکارڈ دو لاکھ اکسٹھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ 15 سو سے زائد افراد جان سے گئے، بھارت میں کرونا کے کیسز تشویش ناک حد تک بڑھنے کے باعث برطانوی سائنسدانوں نے بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.