سعودی عرب میں پاکستانیوں کو کتنے لاکھ ملازمتیں ملنے جارہی ہیں؟دورہ میں کیا طے پایا؟

0

ریاض: وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین وطن کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، سعودی ولی عہد نے پاکستانیوں کو ملازمتوں کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا ہے، جس سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے بڑے دروازے کھل جائیں گے، پاکستانی حکام پر امید ہیں کہ 50 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو سعودیہ عرب میں روزگار ملنے جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی سے قریبی تعلقات اور تاریخی ترک سیریل ’’ارطغرل ‘‘ پاکستان میں نشر کرانے پر سعودی قیادت پاکستانی وزیراعظم سے گزشتہ برس ناراض ہوگئی تھی، تاہم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سعودی دباؤ میں آنے سے انکار کردیا، جس کے بعد مسلسل ایک سال تک دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ رہے، سعودیہ نے پاکستان سے تین ارب ڈالر بھی واپس لے لئے اور ادھار تیل کی سہولت ختم کردی، لیکن امریکہ میں ٹرمپ کے جانے اور جوبائیڈن کے انتخاب کے بعد عالمی سطح پر صورتحال تیزی سے تبدیل ہوئی، سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ سلمان پر امریکہ نے دباؤ بڑھانا شروع کیا، تو سعودی قیادت نے ایک بار پھر پاکستان کی طرف دیکھا۔ اور ناراض سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس ہونے پر فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی، (واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سعودی ولی عہد نے بھی سرجری کرائی تھی، لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس وقت انہیں فون نہیں کیا تھا) جس کے بعد برف تیزی سے پگھلنا شروع ہوئی اور اب وزیراعظم سرکاری دورہ پر سعودی عرب گئے ہیں۔

جہاں جنرل ضیاالحق کے بعد پہلی بار کسی پاکستانی حکمران (عمران خان) کا ائرپورٹ پر سعودی قیادت (ولی عہد شہزادہ سلمان ) نے خود استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت نے سعودی عرب سے دوستی کی بحالی کے بعد اب فیصلہ کیا تھا کہ سعودی قیادت سے بینک میں رکھنے کے لئے فنڈز نہیں لئے جائیں گے، بلکہ اب پاکستانی مزدوروں کے لئے وہاں زیادہ ملازمتیں اور منصوبوں کے لئے فنڈنگ پر تعاون مانگا جائے گا، جس سے پاکستان پر کوئی اخلاقی دباؤ بھی نہیں آئے گا، ذرائع کے مطابق یہ حکمت عملی بہت کامیاب رہی ہے، اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان نے لاکھوں پاکستانیوں کو ویزے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ شہزادہ سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے وژن 2030 کے تحت جو منصوبے شروع کرنے ہیں، ان کے لئے ایک کروڑ غیرملکی ورکرز کی ضرورت ہے، اور ان میں سے زیادہ پاکستان سے لئے جائیں گے، پاکستانی حکام پر امید ہیں کہ 50 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو سعودیہ عرب میں روزگار ملنے جارہا ہے، جس سے ایک طرف بے روزگاری کم ہوگی اور دوسری جانب ترسیلات میں بڑااضافہ ہوگا، پہلے بھی سعودی عرب سے پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات موصول ہوتی ہیں، اور وہاں 25 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔

سعودی عرب کی تصدیق

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا ہے کہ پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں وزیرِ اعظم عمران خان کا دورہ اہم ترین ہے۔

سعودی عرب میں بہت سے پاکستانی کام کرتے ہیں، مزید پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے خوش آمدید کہیں گے پاکستانی افرادی قوت کیلئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے جا رہے ہیں، انہیں سعودی قوانین کے تحت سہولتیں دے رہے ہیں۔ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد بھی جلد دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنرل باجوہ کی سعودی عرب میں ملاقاتیں، پاک سعودی تعلقات کے مستقبل کا تعین ہوگا 

دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورۂ پاکستانیوں کے لیے بہت سی خوش خبریوں کی نوید ہو گا۔دونوں ملک اعلیٰ سطحی کونسل قائم کریں گے، سزا یافتہ پاکستانی قیدی واپس لائے جائیں گے، سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم ڈیموں کی تعمیر کیلئے فراہم کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.