اٹلی میں غریبوں کی امداد کون کھا گیا، پولیس سب سامنے لے آئی

0

روم: اٹلی میں غریبوں کے نام پر جاری ہونے والی سرکاری امداد فراڈ کے ذریعہ ہضم کرنے کا اسکینڈل سامنے آگیا ہے، جنوبی اٹلی کے 5 ریجنز میں کروڑ پتی افراد بھی غریب بن کر سرکاری امداد وصول کرتے رہے، پولیس تحقیقات نے سب کچھ بے نقاب کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں فائیو اسٹار موومنٹ کی تحریک پر 2019 میں غریب افراد کے لئے سرکاری امداد کی اسکیم شروع کی گئی تھی، جس کے تحت ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدن 780 یورو سے کم تھی، انہیں اکیلا ہونے کی صورت میں 780 یورو جبکہ دو بچے ہونے کی صورت میں 1300 یورو تک کی امداد کا کلیم کرنے کی سہولت دی گئی تھی، برطانوی اخبار ’’گارجین‘‘ کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے بڑی تعداد میں لوگوں نے فراڈ کیا، اور کروڑ پتی افراد بھی جعلسازی سے اسکیم میں پیسے بٹورتے رہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کی تھی۔

یہ تحقیقات 5 ریجنز کمپانیا، پالیا، ابریزو، مولیزے اور Basilicata میں کی گئیں، جن میں 5 ہزار ایسے افراد کی نشان دہی ہوئی ہے، جنہوں نے فراڈ کے ذریعہ خود کو غریب ظاہر کرکے اسکیم کے تحت سرکاری رقوم وصول کیں، ان میں سے بعض نے تو جعلی بچے بھی شو کردئیے، اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں مافیا کے کارندوں سمیت 90 جرائم پیشہ افراد بھی شامل ہیں، پولیس تحقیقات کے مطابق ایسے امیر افراد بھی خود کو جعلسازی سے غریب ظاہر کرکے رقم بٹورتے رہے ، جن کی اپنی پرتعیش کشتیاں ہیں، اور وہ جائیدادوں اور فراری کاروں کے مالک ہیں۔

کمپانیا میں ایک 70 سالہ ایسے شخص کی نشان دہی ہوئی ہے، جس کے پاس فراری کار اور بہت سے جائیداد ہے، اسی طرح پالیا میں کئی کشتیوں کا مالک بھی غریب ظاہر کرکے سرکار سے امداد لیتا رہا، مولیزے میں ایک ایسی خاتون یہ امداد وصول کرتی رہی ، جس کے پاس 27 گاڑیوں کا فلیٹ تھا، جبکہ ڈانس اسکول کا ایک مالک بھی خود کو غریب ظاہر کرکے رقم وصولنے میں ملوث نکلا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں بھی غیر معیاری فیس ماسک کا اسکینڈل سامنے آگیا

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں کرپشن کیخلاف بڑی کارروائی، فوجی افسران سمیت 31 گرفتار

فائیو اسٹار موومنٹ کے رہنما واطالوی وزیر خارجہ دی مایو نے پولیس کی جانب سے فراڈ سامنے لانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، اور کہا ہے کہ ہر اسکیم میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے، تاہم دوسری طرف دائیں بازو کی اپوزیشن جماعت ایف ڈی آئی نے اسکیم کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.