اٹلی میں اسکول کھولنے کے معاملے پر تنازعہ، وزیر تعلیم نے فیصلہ سنا دیا

0

روم: اٹلی میں اسکول پیر سے کھولنے کے معاملہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا، کئی ریجنز اور مئیرز نے اسکول کھولنے کی مخالفت کردی ہے، اسکول پرنسپلز کی بڑی تعداد نے بھی ان کی تائید کردی ہے، دوسری طرف اطالوی وزیر تعلیم نے اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی اسکول چھٹیوں کے بعد پیر 10 جنوری سے کھلنے جارہے ہیں، تاہم اس معاملہ پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے، اور کئی ریجنز کے سربراہان اور مئیرز نے موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنے کی مخالفت کردی ہے، اور کم از کم دو ہفتے تک اسکول بند رکھنے اور آن لائن کلاسز کا مطالبہ کیا ہے، 1500 سے زائد اسکول پرنسپلز نے بھی حکومت کو خط لکھ کر اسکول نہ کھولنے کا مشورہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اسکول کھولے گئے ، تو اس سے بچوں اور اسٹاف دونوں کی صحت کے لئے خطرات بڑھ جائیں گے۔

کمپانیا کے گورنر ڈی لوسا نے کہا ہے کہ پیر سے اسکول کھولنے کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ریجن میں مڈل اور ایلیمنٹری اسکول نہیں کھولیں گے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق لمباردیا ریجن میں اسکول پرنسپلز کے صدر ماتیو لوریاکا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں بچوں کی آن لائن کلاسز ہونی چاہیں، پہلے ہی طلبا اور اسٹاف کی اچھی خاصی تعداد وبا سے متاثر ہوکر قرنطینہ میں ہے، اسی طرح مختلف علاقوں کے 200 سے زائد مئیرز نے بھی وزیراعظم ماریو دراغی کو خط لکھ کر اسکول کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرتعلیم کا فیصلہ

دوسری طرف اطالوی وزیر تعلیم Patrizio Bianchi نے اسکول نہ کھولنے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے، اور واضح کیا ہے کہ 10 جنوری بروز پیر سے پورے ملک میں اسکول کھل جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر کچھ لوگ اسکول نہ کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں، تو بہت سے لوگ ایسے ہیں، جو اسکول کھلنے کے حق میں ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کسی کلاس میں 4 بچے وبا سے متاثر ہوئے، تو اس کلاس کو آن لائن تعلیم پر منتقل کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شرارتی بچوں نے اسکولوں سے چھٹی کیلئے جعلی کرونا پازیٹو کا طریقہ نکال لیا

انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے کا فیصلہ مرکزی حکومت کا ہے، اور یہ پورے ملک کیلئے ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق کمپانیا کے سربراہ کی جانب سے اسکول نہ کھولنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لئے کابینہ ڈگری جاری کرسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.