تارکین کہاں غائب ہورہے ہیں؟، یورپی یونین کا یونان کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

0

برسلز: یونان پہنچنے والے تارکین وطن غائب کہاں ہورہے ہیں؟، یہ ماجرا کیا ہے؟، پتہ چلانے کے لئے یورپی پارلیمنٹ نے یونان کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کردی ہے، اور خبردار کیا ہے کہ اگر یونان پر پناہ کے یورپی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوگئی تو اس پر پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق یونان کے ساحلوں یا اس کی سمندری حدود میں پہنچنے والے مہاجرین کہاں چلے جاتے ہیں۔ اس معاملے کی گونج اب یورپی پارلیمنٹ تک پہنچ گئی ہے۔ تارکین وطن سے متعلق یورپی تھنک ٹینک “مائیگریشن انسٹی ٹیوٹ یورپ” (ایم پی آئی یورپ ) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس طرح کی رپورٹس مل رہی ہیں کہ یونانی حکام سمندری اور زمینی راستے سے پہنچنے والے تارکین کو زبردستی ترکی واپس دھکیل رہے ہیں۔

حتی کہ یونانی حدود میں داخل ہونے والی تارکین وطن کی کشتیوں پر فائر کر کے بھی انہیں واپس جانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ 

تھنک ٹینک کی ڈائریکٹر ہینی بیرنز کا ویڈیو انٹرویو میں کہنا تھا کہ اس حوالے سے یہ بھی رپورٹس ہیں کہ سمندر میں ریسکیو کرنے میں بھی تاخیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ مہاجرین یو این ایچ سی آر نے 12 جون کو یونان پر زور دیا تھا کہ وہ ان رپورٹس کی تحقیقات کرے۔ اس کے بعد 6 جولائی کو یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے بھی یونان کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے کہا تھا۔

تاہم یونانی حکام نے مہاجرین کو زبردستی ترکی واپس دھکیلنے والی رپورٹس کو فیک نیوز قرار دیا تھا۔ جس کے بعد یورپی ارکان نے کمیشن سے کہا تھا کہ وہ ان رپورٹس کی تحقیقات کرے اور اگر یہ درست ثابت ہوں تو یونان پر متعلقہ قوانین کے تحت پابندیاں لگائی جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.