لداخ میں بلند ترین چینی اڈے کی تعمیر کا کام تیز

0

چین نے لداخ میں 14 ہزار فٹ بلندی پر ہوائی اڈے کی تعمیر تیز کردی ہے۔
چین نے لداخ کے تین محاذوں پر پیش قدمی کے بعد وادی گلوان میں 100 خیمے نصب کرکے پڑاٶ ڈال دیا ہے اور نئی چوکیوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی فوج نے بھی ان کے بالکل سامنے 50 سے زائد خیمے لگالئے ہیں، دونوں اطراف میں مورچے بھی تیار کئے جارہے ہیں اور علاقے میں چینی فوجی ٹرکوں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت دیکھی جارہی ہے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ چین اس بار بڑی کارروائی کرسکتا ہے۔

دوسری جانب سیٹلائٹ تصاویر میں پنگانگ جھیل سے دوسو کلومیٹر دور واقع نگاری گنسا چینی ہوائی اڈے پر بھی تعمیراتی سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں، جو سطح سمندر سے 14 ہزار فٹ بلندی پر واقع ہے۔

چین نے پنگانگ جھیل کے آس پاس پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے ائربیس کو توسیع دینے کا کام تیز کردیا ہے۔

بھارتی این ڈی ٹی وی نے بھی اپنی رپورٹ میں چینی فوج کی سرگرمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہوائی اڈے پر ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں کو کھڑا کرنے کیلئے چین کی فضائیہ اضافی کمپلیکس تعمیر کر رہی ہے۔

سیٹلائٹ تصاویر میں اس بلند ہوائی اڈے پر 4 چینی لڑاکا طیارے کھڑے دیکھے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پنگانگ جھیل پر بھی رواں ماہ کے اوائل میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں اور پتھراٶ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں فریقین کے کئی فوجی زخمی ہوئے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.