پولیس کے بعد مدعی عظمیٰ بھی ملک ریاض کی بیٹیوں پر مہربان

0

لاہور: سیشن کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی دونوں بیٹیوں اور ان کی عزیزہ آمنہ عثمان ملک کی 15 جون تک  عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی  سیشن کورٹ میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی دونوں بیٹیوں عنبر ملک، پشمینہ ملک اور ان کی عزیزہ آمنہ عثمان ملک کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے 15 جون تک  عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج فرخ حسین نے پچاس پچاس ہزار روپے کےمچلکوں کے  تینوں خواتین کی ضمانت منظور کی ہے۔

اس سے قبل  لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے  تھانہ کینٹ سی میں درج مقدمہ میں  ملک ریاض کی دونوں بیٹوں  اور ان کی ساتھی  کے وارنٹ گرفتاری جاری  کئے تھے ۔

 دوسری جانب مدعی مقدمہ ماڈل عظمیٰ خان کی جانب سے ملک ریاض سے  صلح  نامہ کی اطلاعات ہیں ، اور ان اطلاعات  کو تقویت اس وقت ملی ،  جب عظمیٰ کی وکیل خدیجہ صدیقی نے  اس مقدمہ سے  الگ ہونے  کا اعلان کردیا۔

 برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ ان کی موکلہ کی نہیں بلکہ اس نظام کی شکست ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.