لاہور میں ”ارطغرل غازی“ کا مجسمہ نصب

0

لاہور: ترکی کے مشہور ڈرامے ”ارطغرل غازی“ کے مداحوں نے لاہور میں ان کا مجسمہ نصب کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ملتان روڈ پر واقع مرغزار ہاٶسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور مکینوں نے ”ارطغرل غازی“ سے محبت اور پسندیدگی کے اظہار کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا ہے، ان کے کردار سے متاثر ہو کر لاہور کی سوسائٹی میں ان کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے اور اس جگہ کو ”ارطغرل چوک“ کا نام دیا جائے گا۔

ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر محمد شہزاد چیمہ نے اس حوالے سے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ”ارطغرل غازی“ کا مجسمہ مکینوں کی ارطغرل غازی سے انسیت اور اُن کی خواہش پر نصب کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے 2 مجسمے بنوائے گئے ہیں، دوسرا مجسمہ بھی ہاؤسنگ سوسائٹی کے کسی چوک پر نصب کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مجسمہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ سے بنوایا گیا ہے جس میں فائبر اور دھات کو استعمال کیا گیا ہے۔

خلافت عثمانیہ کے بانی ”عثمان غازی“ کے والد ”ارطغرل غازی“ کی زندگی پر بنی مشہور ترک ڈرامہ سیریز ’’دریلس ارطغرل‘‘ کو پاکستان میں بے حد پسند کیا جارہا ہے اور یہ مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ ڈرامہ سیریز وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر  سرکاری ٹیلی وژن سے نشر کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر ڈرامہ سیریز کی مرکزی کردار اسرا بیلجک سمیت دیگر اداکوروں نے  پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.