سائیں سرکار کا کارنامہ، ٹڈی دل کے نام پر 40 ڈبل کیبن گاڑیاں خرید لیں

0

کراچی: سندھ میں پیپلز پارٹی کی سائیں سرکار نے ایک اور کارنامہ انجام دیتے ہوئے ٹڈی دل کے نام پر 40 ویگو گاڑیاں خرید لی ہیں، جو ٹڈی دل کو مارنے کے کام تو کیا آئیں گی، البتہ ان پر سائیں سرکار کے افسران اور پی پی پی رہنماؤں کے بچے ضرور  مزے کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایک جانب چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اٹھارہویں ترمیم کے نام پر صوبے کی مالی خود مختاری کی بات کرتے ہیں اور دوسری جانب آئے روز ٹڈی دل کے حملے پر وفاقی حکومت کو مدد کیلئے پکارتے ہیں،حالاں کہ ٹڈی دل کیخلاف پنجاب حکومت اپنے وسائل سے   آپریشن کررہی ہے اور وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر بھی اسپرے کیلئے مختص کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب سندھ کی سائیں سرکار نے ٹڈی دل کے نام پر بھی عیاشی پروگرام شروع کردیا ہے، اس پروگرام کیلئے 60 کروڑ مختص کئے گئے،لیکن ان سے ٹڈی دل مارنے کیلئے مشینری خریدنے کے بجائے صحرائی  علاقوں میں اسپرے کے نام پر40 لگژری گاڑیاں خرید لی گئی ہیں، جن میں 29 ڈبل کیبن اور11 سنگل کیبن گاڑیاں شامل ہیں۔

خریدی گئی گاڑیوں میں سے 25 گاڑیاں محکمہ زراعت کے پاس آچکی ہیں جبکہ بقیہ کا بھی آرڈر ہوچکا ہے اور وہ آئندہ چند روز میں آجائیں گی۔

یہ گاڑیاں صحرائی علاقے میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے نام پر خریدی گئی ہیں، لیکن ان میں سے کسی گاڑی پر اسپرے  مشین ہی نصب نہیں، اور  یہ نئی گاڑیاں سائیں سرکار کے افسران اور  پارٹی رہنماؤں کی  خدمت کیلئے کام آرہی ہیں۔

سائیں سرکار نے ایک اور حیرت انگیز دعویٰ بھی کیا ہے، جس پر بڑے سے بڑا سائنسدان اور حساب دان سر پکڑ کر بیٹھ جائے، انہوں نے اسپرے کیلئے سو ا لاکھ لیٹر محلول خریدا ہے اور اب دعویٰ یہ کیا جارہا ہے کہ 8 لاکھ ایکڑ پر اسپرے ہوچکا ہے۔

اب سوالاکھ محلول سے 8 لاکھ ایکڑ کیسے کور کیا گیا، یہ صرف سائیں سرکار ہی بتاسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.