امریکہ میں صدارتی الیکشن سے قبل ہی دھاندلی کی آوازیں اٹھنے لگیں

0

واشنگٹن: ڈیموکریٹ کے صدارتی امیدوار جان بائیڈن نے نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

ایک انٹرویو میں امریکی صدارتی امیدوار جان بائڈن نے کہا کہ مجھے اس وقت سب سے بڑا خدشہ یہ لاحق ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن چرانے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں، ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی کی کسی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں ہر پولنگ اسٹیشن پر اپنے نمائندوں کی موجودگی یقینی بنانی ہوگی۔

بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ ڈاک کے ذریعہ ووٹنگ کی بھی مخالفت کررہے ہیں، ہمیں ان کے اقدامات پر نظر رکھنی ہوگی، لیکن انہیں یقین ہے کہ اگر ٹرمپ کو شکست ہوگئی اور انہوں نے کوئی جواز تلاش کرکے وائٹ ہاٶس چھوڑنے سے انکار کیا تو ہماری فوج انہیں باہر کا راستہ دکھادے گی۔

دوسری جانب ٹرمپ کے ترجمان نے بائیڈن کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دماغ سے فارغ قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بائیڈن امریکہ کے الیکشن نظام کی ساکھ پر حملہ کررہے ہیں، یہ بات واضح ہے کہ صدر ٹرمپ الیکشن کے نتائج قبول کریں گے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ خود بھی الیکشن میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ڈاک کے ذریعہ ووٹنگ میں اضافہ فراڈ کے راستے کھول سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.