کشمیر پر پاکستان کا حق ہے، چین نے بھارت کو کھلی وارننگ دیدی
بیجنگ: چین نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت بحال کرانے کیلئے بھارت کو وارننگ جاری کردی ہے،کشمیر کی حیثیت بدلنے کے بھارتی اقدام کو چین کی خودمختاری پر حملہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چین نے پہلی بار بھارت کو کھلا پیغام بھی دیا ہے کہ کشمیر پر بنیادی حق پاکستان کا بنتا ہے،پاکستان جنوبی ایشیا میں مسلمانوں کا سب سے بڑا مرکز ہے اور کشمیر کی زیادہ آبادی بھی مسلمان ہے جبکہ پاکستانیوں کی اکثریت کشمیر کو اپنا حصہ مانتی ہے۔
یہ پیغام چین کے عالمی امور پر نظر رکھنے والے ادارے انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر وینگ شی نے چینی اخبار میں لکھے گئے اپنے مضمون کے ذریعہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی چین کو دھوکہ دینے کی کوشش مہنگی پڑگئی، کرنل سمیت تین فوجی ہلاک
انہوں نےاپنے مضمون میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنا خطے کے امن اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے،یہ مسئلہ حل ہونے تک لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور جھڑپوں کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکتا۔
بھارت کو خبردار کیا گیا ہے کہ کشمیر پر اس کے یکطرفہ اقدامات نے خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگادیا ہے ، دہلی حکومت مقبوضہ کشمیر کی 4 اگست 2019 والی حیثیت بحال کرے ورنہ خطے میں کشیدگی ختم نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر وینگ نے مزید لکھا کہ پاکستان کی جانب سے بارہا مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم اجاگر کرنے اور عالمی برادری سے اس پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، ان مظالم کی وجہ سے بھارت کا امیج عالمی سطح پر خراب ہوا ہے۔
مضمون میں لکھا گیا کہ حال ہی میں چینی اور بھارتی وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں نئی دہلی پر واضح کر دیا گیا ہے کہ کشمیر کی حیثیت بدلنے سمیت تمام بھارتی منصوبے چین کی خودمختاری پرحملہ تصور کئے جائیں گے۔
کشمیر پر زبردستی قبضے کی تمام بھارتی کوششیں رائیگاں جائیں گی۔ ڈاکٹر وینگ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر امریکہ کو آنکھیں بند رکھنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مظالم اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کے باوجود امریکہ اور مغربی ممالک کیوں خاموش ہیں۔