ایٹمی رینکنگ میں پاکستان بھارت سے اوپر، مودی کو پنگا نہ لینے کا مشورہ

0

اسٹاک ہوم:دنیا بھر میں ایٹمی ہتھیاروں پرنظر رکھنے والی سویڈن میں قائم عالمی تنظیم نے 9 جوہری طاقتوں کی رینکنگ جاری کردی ہے، جس کےمطابق پاکستان 5 بڑی عالمی طاقتوں کے بعد چھٹے نمبر پر ہے جبکہ بھارت، اسرائیل اور شمالی کوریا اس میدان میں پاکستان سے پیچھے ہیں۔

نئی رینکنگ جاری ہونے کے بعد  بھارتی پروفیسر اور دانشور اشوک سوائن نے مودی سرکار کو مشورہ دیا ہےکہ وہ  چین اور پاکستان کے ساتھ پنگے لینا چھوڑ دے، کیوں کہ دونوں کے پاس بھارت سےزیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں۔

عالمی تنظیم ایس آئی پی آر آئی کے مطابق دنیا کی 9 ایٹمی طاقتوں کے پاس 2020 کے شروع  میں تقریبا 13 ہزار 400 ایٹمی ہتھیار  تھے، جو گزشتہ برس  کے 13 ہزار 865 کے مقابلے میں 465 کم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ،روس اور فرانس نے ایک برس میں ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کم کی ہے جبکہ باقی 6 ایٹمی طاقتوں نے اپنے ذخیرہ میں اضافہ کیا ہے،امریکہ کے پاس گزشتہ برس 6 ہزار 185 ایٹمی ہتھیار تھے جو 385 کم ہوکر اس سال 5ہزار 800 رہ گئے، ان میں سے 1750 ہتھیار امریکہ نے  نصب کررکھے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس  کے پاس گزشتہ برس 6 ہزار 500 ہتھیار تھے، جو 125 کم ہوکر اس سال 6 ہزار 375 ہوگئے، یعنی روس کے پاس  امریکہ سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں، تاہم اس کے آپریشنل ہتھیار امریکہ سے کم ہیں اور ان کی تعداد 1570 ہے، یہ دونوں  بڑی طاقتیں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید بنانے کیلئے مسلسل کام کررہی ہیں۔

برطانیہ کے پاس اس سال ایٹمی ہتھیاروں میں 15 کا اضافہ ہوا ہے، اور یہ 215 ہوگئے ہیں جن میں سے 120 نصب ہیں۔

فرانس  نے ہتھیاروں میں 10کی کمی ہے،جو 300 سے 290 رہ گئے ہیں،ان میں سے 280 آپریشنل ہیں۔

چین  کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں 30 کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 320 ہوگئے ہیں،جو سارے  کے سارے آپریشنل  رکھے گئے ہیں۔

ان 5 بڑی عالمی طاقتوں کے بعد عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان کا نمبر آتا ہے،جس  کے ہتھیار ایک برس میں 10 عدد کے اضافے کے ساتھ 160 ہوگئے ہیں،بھارت نے بھی اسی قدر اضافہ کیا ہے،اور اس کے پاس 150 ایٹمی ہتھیار ہیں۔

اسرائیل  کے پاس گزشتہ برس 80 سے 90 ایٹمی ہتھیاروں کا اندازہ تھا اور اس بار 90 کی تعداددی گئی ہے ،شمالی کوریا کے پاس 30 سے 40 ایٹمی ہتھیار ہوں گے ،جو گزشتہ برس 20 سے 30 تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور روس کے علاوہ چین بھی  اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید بنانے کیلئے سرگرمی سے کام کررہا ہے ، پاکستان اور بھارت بھی ہتھیاروں کی تعداد اور ان میں جدت کیلئے کام کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.