کورونا کے بعد ترکی پر نئی وبا کا حملہ، 15 ہلاکتیں

0

استنبول:ترکی نےکورونا پرتو کامیابی سے قابو پالیا ہے، تاہم اب وہاں ایک نئی وبائی بیماری نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے، کریمین کانگو فیور ترکی کیلئے نیا خطرہ بن کر سامنے آیا ہے اور اس بیماری سےاب تک 15 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔

ترک اخبار ’’ڈیلی صباح ‘‘کے مطابق کورونا کی طرح یہ بخار بھی ایک انسان سے دوسرے انسان کو لگ جاتا ہے، یہ بخار ایک قسم کے کیڑے کے کاٹنے سے ہوتا ہے، کورونا کے باعث کرفیو کے دوران لوگ گھروں تک محدود رہے، جس سے یہ کم شکار ہوئے لیکن اب لاک ڈاؤن ختم ہونے پر اس کیڑے کے کاٹنے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

یہ وبائی بخار کی شکل اختیار کر جاتا ہے اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت کی وجہ سے یہ کورونا کی طرح خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، یہ مختلف اوقات میں افریقہ، یورپ کی بلقان کی ریاستوں اور مشرق وسطیٰ میں پھیلتا رہا ہے۔

اس کی علامات میں سخت بخار، پٹھوں میں درد، گردن میں سختی اور درد،کمر میں تکلیف،سر میں درد، گلے کی سوزش، الٹی اور روشنی کی حساسیت کا پیدا ہونا شامل ہے،اس کے علاوہ مریض  ڈائریا کا شکار بھی ہوسکتا ہے،کورونا کا قرنطینہ پیریڈ عموماً دو ہفتے ہوتا ہے ،تاہم   کانگو فیور کیلئے یہ عرصہ 3 سے 9 دن تک ہوسکتا ہے۔

ترک طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس کیڑے کے کاٹنے سے بچنے کیلئے پورا جسم لباس سے ڈھک کر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر پینٹ کو موزوں کے اندر کرلیں، تاکہ وہ اس کے حملے سے محفوظ رہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.