’’سیر کو جائیں اور بونس پائیں‘‘، اٹلی نے لوگوں کی موجیں کرادیں

0

روم: اٹلی کی حکومت نے ملک میں رہنے والے غیر ملکیوں سمیت تمام افراد کی موجیں کرادیں، سیر کو جانے پر بونس دیاجائے گا، جی ہاں اطالوی حکومت نے ’’ ہولی ڈے بونس ‘‘ اسکیم کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت سیاحتی صنعت کو دوبارہ اپنے پاٶں پر کھڑا کرنے کےلئے اٹلی کے رہائشی تمام افراد کی سیر و تفریح پر جانے کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اسکیم کے تحت گھومنے پھرنے جانے والوں کے 500 یورو تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

اٹلی کے وزیرسیاحت ڈیریو فرانشنی کا کہنا ہے کہ ملک کا سیاحتی شعبہ 15 فیصد ملازمتیں فراہم کرتا ہے، یہ شعبہ کورونا بحران سے بری طرح متاثر ہوا ہے، اور اس کی بحالی کیلئے حکومت نے پیکج دیا ہے، شہریوں کو سیاحتی بونس دینے کے ساتھ سیاحت کیلئے استعمال ہونے والے ہوٹلز، ریستورانز اور بارز کو ٹیکسوں میں بھی رعایت دی گئی ہے۔

 

500 یورو کا بونس کون حاصل کرسکے گا؟

سیاحت کیلئے 500 یورو کا بونس حاصل کرنے کیلئے 2 شرائط رکھی گئی ہیں، اول یہ متعلقہ فرد یا خاندان اٹلی میں رہتا ہو، اور یہاں پر ہی ٹیکس دیتا ہو، اٹلی سے باہر رہنے والے اس سے استفادہ نہیں کرسکیں گے۔

دوسری شرط یہ رکھی گئی ہے کہ آپ کی سالانہ آمدن(ایزا) 40 ہزار یورو سے زائد نہیں ہونی چاہئے، یعنی 40 ہزار یورو سے کم سالانہ آمدن والے اس بونس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

آپ اکیلے ہیں، جوڑا ہیں، یا خاندان رکھتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ اس بونس سے فائدہ اٹھا کر گھومنے پھرنے جاسکتے ہیں، تاہم اگر آپ فیملی کے ساتھ اس بونس کیلئے درخواست دیں گے تو 500 یورو کے اخراجات پوری فیملی کیلئے برداشت کئے جائیں گے، ناں کہ ہر فرد کو الگ الگ یہ سہولت ملے گی۔

 

اسکیم کب سے شروع ہوگی ؟

اطالوی حکومت کے جاری احکامات کے تحت یہ یکم جولائی سے شروع ہوگی اور 31 دسمبر تک آپ اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

 

کیا سب کو 500 یورو ملیں گے؟

اس کا جواب ہے نہیں، حکومت کی منظور شدہ بونس اسکیم کے تحت اگر کوئی اکیلا سیاحت کیلئے جائے گا تو اس کے 150 یورو کے اخراجات برداشت کئے جائیں گے، 2 افراد ہونے کی صورت میں یہ 300 یورو ہوجائیں گے، اور خاندان کے 3 یا اس سے زیادہ افراد اگر گھومنے پھرنے جائیں گے تو انہیں 500 یورو کی ملیں گے۔

 

ادائیگی کیسے ہوگی ؟

ادائیگی آپ کو کیش کی صورت میں نہیں ہوگی، بلکہ آپ جہاں گھومنے جائیں گے، وہاں ہوٹل بک کرائیں، فارم یا کوئی اور رہائشگاہ تو اس کا 80 فیصد بل حکومت ادا کرے گی اور یہ کام خود کار طریقے سے ہوگا، یعنی آپ کو ہوٹل یا فارم کو صرف 20 فیصد ادائیگی کرنی ہوگی، باقی 80 فیصد رقم وہ حکومت سے وصول کریں گے، آپ جو 20 فیصد اپنے پاس سے ادا کریں گے، یہ بھی ٹیکس کلیم کے ذریعہ اسی سال آپ واپس لے سکیں گے۔

اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ آپ رہائش کیلئے ایک ہی جگہ کی بکنگ کرائیں، ایک سے زائد جگہ بکنگ پر دوسری جگہوں کے اخراجات آپ کو خود برداشت کرنے پڑیں گے، حکومت صرف ایک بکنگ کے 80 فیصد اخراجات برداشت کرے گی۔

آپ جہاں قیام کریں گے، وہاں کا مالک آپ سے ٹیکس کوڈ لے گا، اور آپ کو بل جاری کرے گا، لیکن وصولی صرف 20 فیصد کرے گا۔

نوٹیفیکیشن کے تحت آپ اپنے حصے کے 20 فیصد کی ادائیگی خود یا اپنے ٹریول ایجنٹ کے ذریعہ کرسکتے ہیں، لیکن کسی پورٹل کے ذریعہ بکنگ پر بونس کی سہولت نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ اٹلی 3 جون سے یورپی سیاحوں کیلئے ملک کو کھول چکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.